آصف زرداری کو پیسے کی بیماری ہے، پیسہ دیکھ کر اُن کی کانپیں ٹانگ جاتی ہیں، عمران خان

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

بونیر: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری کو پیسے کی بیماری ہے، پیسہ دیکھ کر اُن کی کانپیں ٹانگ جاتی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے بونیر میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے ہمیشہ ذاتی مفادات کی سیاست کی اور بیرونی سازش کے تحت یہ امپورٹڈ حکومت ہم پر مسلط ہوئی، جب ہماری حکومت گرائی گئی تو ہندوستان میں خوشی منائی گئی۔

انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری اس ملک کی بہت بڑی بیماری ہیں انہیں پیسے کی بیماری ہے، پیسے دیکھ کر ان کی کانپیں ٹانگ جاتی ہیں۔

جلسے سے خطاب میں امریکی خط کا ذکر کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ڈونلڈ لو کے ذریعے امریکہ نے دھمکی دی کہ عمران خان کو اقتدار سے ہٹا دو اور 7 مارچ کو مراسلہ بھیجا جاتا ہے پھر 8 مارچ کو تحریک عدم اعتماد کی تحریک پیش کی جاتی ہے، امریکہ کبھی نہیں چاہتا کہ پاکستان مستحکم ہو۔

یہ بھی پڑھیں: ملک میں بڑھتی ہوئی پیٹرول کی قیمتوں پر سینیٹ میں ہنگامہ آرائی، حکومت کیخلاف نعرے بازی

اُن کا کہنا تھا کہ خط کے بعد اتحادیوں کو بھی اچانک یاد آجاتا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت بری ہوگئی اور بہت شور مچایا جاتا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے مہنگائی کر دی اور کانپیں ٹانگنے والے بلاول نے ہماری حکومت میں مہنگائی کے خلاف مارچ کیا لیکن امپورٹڈ حکومت نے ڈیڑھ ماہ میں آٹے اور پیٹرول کی قیمتیں آسمان پر پہنچا دیں۔

عمران خان نے کہا کہ سبزیوں اور پھلوں کی قیمتیں ہمارے دور میں 3 فیصد اور ان کے دور میں 27 فیصد بڑھیں، پٹرول ایک لیٹر ہمارے 3 سال میں 56 روپے 90 پیسے بڑھا۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ بھارت اور اسرائیل چاہتے ہیں پاکستان کمزور ہو اور ٹوٹے اور جب ہماری حکومت گرائی گئی تو بھارت میں ایسے خوشیاں منائی گئیں جیسے شہباز شریف نہیں شہباز سنگھ تھا، شریف خاندان کے بھارت کی بزنس کمیونٹی سے گہرے تعلقات ہیں اس کے باوجود کہ مودی نے کشمیریوں پر ظلم کیا اور نواز شریف نے اسے شادی پر بلایا۔

انہوں نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کیا کبھی پہلے کسی نے ایک ہفتے میں پیٹرول 30 روپے مہنگا کیا ؟ آئی ایم ایف ہمیں بھی پیٹرول مہنگا کرنے کا کہتا تھا لیکن ہم نے عوامی مفاد کو مدنظر رکھ کر فیصلے کیے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے ایک بار پھر نیوٹرل سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ نیوٹرل رہنا بھی اچھی بات ہے لیکن ملکی سالمیت بہت ضروری ہے۔ سوویت یونین معاشی بدحالی کی وجہ سے ٹوٹا تھا۔

عمران خان نے مزید کہا کہ کیا سزا یافتہ مفرور نواز شریف فیصلہ کرے گا کہ میں غدار ہوں ؟ پاکستان میں شریف اور زرداری خاندان نے30 سال حکومت کی اور آج یہ کوشش کر رہے ہیں عمران خان پر غداری کا مقدمہ کر کے راستے سے ہٹایا جائے، یہ نیب کو ختم کرنے جا رہے ہیں اور نیب ختم ہونے سے ان پر اربوں روپے کی کرپشن کے کیسز ختم ہوجائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ترکی میں شہباز شریف نے اپنے مفرور بیٹے کو بٹھایا ہوا تھا اور جب سے یہ چور آئے ہیں یہ پاکستان کا مذاق اڑا رہے ہیں، موجودہ نظام میں چھوٹے چور جیلوں میں اور بڑے چور ایوانوں میں بیٹھے ہیں، یہ الیکشن میں دھاندلی کر کے جیتنے کی پوری تیاری کر رہے ہیں اور انہوں نے الیکشن کمیشن کے ساتھ مل کر پہلے سے ہی میچ فکس کیا ہوا ہے۔