بیرسٹراعتزاز احسن نے الزام لگایا ہے کہ سابق صدرِ پاکستان آصف علی زرداری کے ساتھ امتیازی سلوک کیا جا رہا ہے جبکہ انہیں ذاتی معالج کی سہولت حاصل نہیں ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور نامور وکیل اعتزاز احسن نے میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چیف جسٹس آف پاکستان قانون کے تمام تقاضے پورے کرتے ہیں۔
پیپلز پارٹی رہنما اعتزاز احسن نے کہا کہ ہم وکلا نے 2009ء کے ججز کو بحال کرایا، عدالتوں کا کام فیصلے کرنا ہے جبکہ آصف سعید کھوسہ ایک قابل جج ہیں۔
اعتزاز احسن نے کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری کی خواہش ہے کہ ان کا کیس شہرِ قائد میں چلایا جائے اور وہ یہ بھی کہہ چکے ہیں کہ میں اپنا کیس خود لڑنا چاہتا ہوں۔
مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد اور سابق وزیر اعظم نواز شریف پر تنقید کرتے ہوئے اعتزاز احسن نے کہا کہ نواز شریف خود سپریم کورٹ پر حملہ کر چکے ہیں وہ تگڑوں سے زیادہ تگڑے ہیں جبکہ بلاول کی فراخدلی ہے کہ انہیں باہر جانے کا کہا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل سندھ کے صوبائی وزیرِ بلدیات ناصر حسین شاہ نے کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری کی طرف سے ضمانت نہ لینے کا فیصلہ احتجاج پر مبنی ہے جبکہ انہیں غیر قانونی طور پر جیل میں رکھا گیا۔
وزیرِ بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ نے چھ روز قبل کراچی میں میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آصف علی زرداری کے خلاف دائر کردہ تمام تر ریفرنسز جھوٹ پر مبنی ہیں جبکہ ہمیں عدالتوں سے انصاف ملنے کی امید ہے۔
مزید پڑھیں: آصف علی زرداری کا ضمانت نہ لینے کا فیصلہ احتجاج پر مبنی ہے۔ناصر حسین شاہ