کراچی: سندھ حکومت نے بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی میں ڈائریکٹر جنرل کے عہدے پر آشکارداور کو تعینات کر دیا جس کا باضابطہ نوٹیفیکیشن جاری کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سابق ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر نسیم الغنی سہیتو کا تبادلہ کردیا گیا۔ چیف سیکریٹری سندھ ممتاز علی شاہ کی منظوری سے سروسز جنرل ایڈمنسٹریشن اینڈ کو آرڈینشن حکومت سندھ نے نوٹیفکیشن جاری کیا۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل گریڈ 20 آشکار داور کو ڈائریکٹر جنرل ایس بی سی اے کا چارج سنبھالنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ ڈاکٹر نسیم الغنی سہیتو کو اضافی چارج چھوڑنے کا حکم دے دیا گیا۔
ڈاکٹر نسیم الغنی سہیتو سیکریٹری صنعت و تجارت سندھ ہیں جبکہ سپریم کورٹ آف پاکستان پہلے ہی نان کیڈر پوسٹنگ پر پابندی عائد کر چکی ہے۔نسیم الغنی کی تعیناتی نان کیڈر تھی۔
دوسری جانب آشکار داور گریڈ 20 کے انجینئر ہیں اور کیڈر کے مطابق ان کی تعیناتی عمل میں لائی گئی، آشکار داور اچھی شہرت کے حامل افسر ہیں جن پر کرپشن کا کوئی الزام نہیں ہے۔
عملی طور پر آشکار داور کو کرپشن کے سخت خلاف سمجھا جاتا ہے۔واضح رہے کہ ایس بی سی اے کے ڈائریکٹر لیگل نے ڈاکٹر نسیم الغنی سہیتو کی تعیناتی کو سپریم کورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی قرار دیا تھا۔
سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق کسی تکنیکی آسامی پر کوئی غیر انجینئر تعینات نہیں کیا جاسکتا۔آشکار داور کی تعیناتی کا شہریوں نے خیر مقدم کیا ہے تاہم کرپشن میں ملوث افسران کو اپنی کرپشن کی فکر پڑ گئی ہے۔
غیر قانونی عمارتوں کی تعمیرات میں ملوث بلڈرز بھی آشکار داور کی تعیناتی سے پریشان ہیں ، تاہم شہریوں کو یہ امید ہو گئی ہے کہ آشکار داور اگر درست سمت میں کام کریں گے تو شہر سے غیر قانونی عمارتوں کی تعمیر رک جائے گی۔
شہریوں کے مطابق اب ایس بی سی اے مخدوش عمارتیں خالی کروا کر انہیں خود منہدم کردے گا جس سے قیمتی جانیں ضائع ہونے سےبچ جائیں گی۔
یہ بھی پڑھیں: ایس بی سی اے نے غیر قانونی تعمیرات کیلئے نئی پالیسی بنالی