اسلام آباد: وفاقی وزیرِ منصوبہ بندی و ترقیات اسد عمر کورونا سے صحتیاب ہوگئے جن کے وائرس ٹیسٹ کا نتیجہ منفی آگیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں گزشتہ شب وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ میرا کورونا ٹیسٹ کا نتیجہ مجھے ابھی موصول ہوا ہے جو الحمد للہ منفی ہے۔
پیغام میں وزیرِ منصوبہ بندی و ترقیات اسد عمر نے کہا کہ گزشتہ 10 روز کے دوران وہ سب لوگ جنہوں نے خیریت دریافت کی اور دُعائیں کی، ان سب کا تہِ دل سے مشکور ہوں۔
وفاقی وزیر اسد عمر نے عوام کو اپنا اور اپنے پیاروں کا خیال رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کورونا وائرس سے احتیاط کی اپیل کی اور دُعا کی کہ اللہ تعالیٰ سب شہریوں کو اپنے حفظ و امان میں رکھے۔
میرا کرونا ٹیسٹ رزلٹ ابھی ملا جو الحمدللہ منفی ہے. پچھلے 10 دن میں وہ سب لوگ جنہوں نے خیریت دریافت کی اور دعائیں کی ان سب کا تہہ دل سے مشکور ہوں. اپنا اور اپنے پیاروں کا خیال رکھیں اور احتیاط کریں. اللہ آپ سب کو اپنے حفظ و امان میں رکھے
— Asad Umar (@Asad_Umar) December 28, 2020
یاد رہے کہ اِس سے قبل وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر رواں ماہ کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئے تھے، انہوں نے اپنا کورونا وائرس کا ٹیسٹ کروایا تھا جس کا نتیجہ مثبت دسمبر کے دوران آیا۔
سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹویٹر پر 11 روز قبل جاری کردہ اپنے بیان میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے بتایا کہ میرا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا جس کے بعد انہوں نے خود کو گھر پر قرنطینہ کر لیا۔
مزید پڑھیں: وفاقی وزیر اسد عمر بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے