بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خا ن کے مشہور منشیات کیس میں تحقیقاتی افسر سمیر وانکھیڑے نے حالیہ انٹرویو میں شاہ رخ خان کے ساتھ انکی ،چیٹ لیکس،رشوت اور کیس کے حوالے سے کئی اہم انکشافات کیے ہیں۔
2021 میں نارکوٹکس کنٹرول بیورو (NCB) کے زونل ڈائریکٹر سمیر وانکھیڑےکی قیادت میں آریان خان کو مبینہ طور پر بین الاقوامی منشیات ریکٹ کا حصہ ہونے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ آریان نے اس کیس میں 5 2دن جیل میں گزارےتھے،تاہم بعد میں انہیں تمام الزامات سے بری کر دیا گیا تھا۔
سمیر وانکھیڑے سے ایک انٹرویو میں سوال کیا گیا کہ کیا انھیں میڈیا نے اس لیے نشانہ بنایا کیونکہ انہوں نے ایک سپر اسٹار کے بیٹے کو گرفتار کیا تھا تو انھوں نے جواب دیا کہ میں یہ نہیں کہوں گا کہ مجھے نشانہ بنایا گیا، لیکن میں سب سے خوش قسمت شخص رہا ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سب کو یکساں اصولوں کا سامنا کرنا چاہیے اورمجھے کوئی پچھتاوا نہیں ہےاگر مجھےموقع ملا تو میں پھر بھی ایسا ہی کروں گا۔
جب وانکھیڑے سے شاہ رخ خان کی چیٹ لیک کے حوالے سے سوال کیا گیا کہ انھوں نے آریان کے خلاف کیس کو ختم کرنے کی درخواست کی تھی تو انھوں نے براہ راست تبصرہ کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ یہ معاملہ عدالت میں زیر غور ہے اوریہ بھی کہا کہ میں اتنا کمزور نہیں ہوں کہ چیزوں کو لیک کروں۔
سمیر وانکھیڑے نے آریان کو رہا کرنے کےلیے 25 کروڑ روپے رشوت لینے کے الزامات کی بھی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا کہ میں نے آریان کو کبھی رہا نہیں کیا، بلکہ میں نے اسے گرفتار کیا تھا۔ کیس عدالت میں ہے اور مجھے عدلیہ پر مکمل اعتماد ہے۔
یاد رہے کہ آریان خان کو عدالت نے تمام الزامات سے بری کر دیا تھا۔ تاہم، یہ کیس اب بھی کئی حوالوں سے خبروں کی زینت بنا ہوا ہے۔