ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی ایک بار پھر سرخیوں میں ہے، جب ایران کی سرکاری میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا کہ ایرانی فضائی حدود میں داخل ہونے پر دو اسرائیلی لڑاکا طیارے مار گرائے گئے ہیں۔ ایران کے مطابق، ایک خاتون پائلٹ کو گرفتار بھی کر لیا گیا ہے۔
ایرانی خبر رساں ایجنسی IRNA کے مطابق یہ واقعہ جمعہ کے روز پیش آیا جب اسرائیلی طیارے مبینہ طور پر ایران کی حدود میں داخل ہوئے۔
سرکاری ٹی وی کا کہنا ہے کہ ایران کے فضائی دفاع نے فوری کارروائی کرتے ہوئے کم از کم ایک طیارہ تباہ کر دیا جبکہ پائلٹ کو زندہ حراست میں لیا گیا۔
دوسری جانب اسرائیلی حکام نے ان تمام خبروں کو سختی سے جھوٹا اور بے بنیاد قرار دیا ہے۔ ایک اعلیٰ اسرائیلی اہلکار نے خبر رساں ایجنسی AFP سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ایران کی طرف سے پھیلائی جانے والی یہ خبر محض پروپیگنڈا ہے جس کا مقصد حالیہ اسرائیلی حملوں سے توجہ ہٹانا ہے۔
اہلکار کے مطابق اسرائیل نے جمعہ کو ایران میں فوجی اور جوہری تنصیبات پر حملے کیے، جن میں اہم کمانڈرز کی ہلاکت کی بھی اطلاعات ہیں۔
ایرانی میڈیا کی جانب سے طیارے مار گرائے جانے یا پائلٹ کی گرفتاری کے حوالے سے اب تک کوئی ویڈیو، تصویر یا ٹھوس شواہد فراہم نہیں کیے گئے۔ اس بنا پر بین الاقوامی مبصرین اس دعوے کو شک کی نگاہ سے دیکھ رہے ہیں۔