راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاک فوج مادرِ وطن کی خودمختاری و سالمیت کے دفاع کیلئے پر عزم اور تیار ہے۔
تفصیلات کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے دورۂ بہاولپور کے موقعے پر فوجی جوانوں سے بات چیت کی اور مخالفین کے مذموم عزائم کچلنے کیلئے ابھرتے خطرات کے مطابق حقیقت پسندانہ تربیت کی اہمیت پر زور دیا۔
انسانی المیے سے بچنے کے لیے دنیا افغانستان کی مدد کرے، آرمی چیف
ہائی ٹیک نظام سے فضائی دفاع ناقابل تسخیر بن چکا ہے، آرمی چیف
اس دوران پاک فوج کے جوانوں نے جنگی مشقوں کا عملی مظاہرہ پیش کیا جس میں جارحانہ لڑائی اور مختلف النوع حکمت عملی دکھائی گئی۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے فوجی مشقوں کا جائزہ لیا۔
بہاولپور آمد پر کور کمانڈر بہاولپور لیفٹیننٹ جنرل خالد ضیا نے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کا استقبال کیا۔ آرمی چیف نے خیر پور ٹامے والی اور اسرانی میں فوجی مشقیں دیکھیں اور جنگی مشقوں کا معائنہ کیا۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے جاری کردہ بیان کے مطابق آرمی چیف نے مختلف ہتھیاروں کی فیلڈ فائرنگ کا جائزہ لیا اور جنگی مشقوں کے دوران فوجی جوانوں کی حوصلہ افزائی کی۔