راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے 16 رہنماؤں اور کارکنان کی عبوری ضمانت کی درخواستیں عدم پیروی کی بنیاد پر مسترد کر دیں۔
ان افراد میں راجہ بشارت، صنم جاوید، مشال یوسفزئی اور نادیہ خٹک سمیت دیگر شامل ہیں۔ یہ مقدمات 26 نومبر کے احتجاج سے متعلق درج کیے گئے تھے۔
سینئر صحافی سمیع ابراہیم کا نام بھی ان افراد میں شامل ہے جن کی ضمانت مسترد ہوئی۔ کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے کی۔
سماعت کے دوران سرکاری وکیل ظہیر شاہ نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ ملزمان گزشتہ چار ماہ سے عدالت کی رعایت کا غلط استعمال کر رہے ہیں اور مسلسل غیر حاضر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملزمان تفتیشی عمل میں رکاوٹ ڈال رہے ہیں اور عبوری ضمانت کی سہولت کا ناجائز فائدہ اٹھایا ہے۔ استغاثہ نے سپریم کورٹ کے فیصلوں کے حوالے بھی پیش کیے، جس کے بعد عدالت نے ان 16 افراد کی ضمانتیں عدم پیروی کی بنیاد پر خارج کر دیں۔
جن افراد کی ضمانت مسترد کی گئی ان میں سابق صوبائی وزیر راجہ بشارت، صنم جاوید، مشال یوسفزئی، سیمابیہ طاہر، تیمور مسعود، فہد مسعود، سعد علی خان، راجہ ناصر محفوظ، جاوید کوثر، شہباز احمد، نادیہ خٹک، عمر تنویر بٹ، بابر لودھی، نثار خان، عبد الواحد اور صحافی سمیع ابراہیم شامل ہیں۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ ان افراد کے خلاف راولپنڈی اور اٹک کے مختلف تھانوں میں مقدمات درج ہیں۔