پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکنِ صوبائی اسمبلی میاں نوید علی نے ن لیگی قیادت اور صوبائی حکومت کو آگاہ کیا ہے کہ انہیں کورونا وائرس ہوگیا ہے۔
رکنِ صوبائی اسمبلی میاں نوید علی کے مطابق گزشتہ کچھ دنوں سے ان کی طبیعت خراب تھی اور انہیں کورونا وائرس کی دیگر تشخیصی علامات کے ساتھ ساتھ بخار بھی محسوس ہورہا تھا۔
میاں نوید علی نے کہا ہے کہ میں نے کورونا وائرس کے پیشِ نظر اپنے آپ کو قرنطینہ کر لیا ہے جبکہ اس دوران مجھے اپنی طبیعت میں بہتری محسوس ہو رہی ہے۔
ن لیگی رہنما و رکنِ اسمبلی نوید علی نے بیماری کی خبر سننے کے بعد جلد صحتیابی کی دُعا دینے والے تمام اراکینِ اسمبلی، ن لیگی قیادت اور عوام الناس کا شکریہ ادا کیا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل وفاقی وزیر شہریار خان آفریدی، پی ٹی آئی رہنما و گلوکار ابرار الحق، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، ن لیگی رکنِ اسمبلی شوکت منظور چیمہ، اے این پی رہنما غلام احمد بلور، پی پی پی رہنما و صوبائی وزیر سعید غنی، وزیرِ سندھ غلام مرتضیٰ بلوچ اور ن لیگی رہنما عطاء اللہ تارڑ بھی کورونا وائرس کا شکار ہوچکے ہیں۔