اور پھر دنیا نے بھی تسلیم کرلیا! پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی عالمی اعزاز کے لیے نامزد

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

پولیسنگ کے نئے طریقہ کار اور جرائم کی روک تھام میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال نے پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کو عالمی سطح پر نمایاں کر دیا ہے۔ انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف چیفس آف پولیس (IACP) نے ادارے کو 2026 کے باوقار لیڈرشپ اِن دی پریونشن آف وہیکل کرائمز ایوارڈ کے لیے نامزد کر لیا ہے۔

یہ اعزاز پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی (PSCA) کی جانب سے گاڑیوں سے متعلق جرائم کی روک تھام، جدید پولیسنگ حکمت عملی اور جرائم پر قابو پانے کے لیے اختیار کیے گئے موثر اقدامات کے اعتراف میں دیا جا رہا ہے۔

آئی اے سی پی کے صدر ڈیوڈ بی راؤش نے ڈی آئی جی احسن یونس کو ارسال کیے گئے اپنے سرکاری خط میں پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی اور لاہور پولیس کو ایوارڈ کے لیے منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی۔

Image

خط میں کہا گیا کہ پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی پولیسنگ کے شعبے میں قیادت اور جدت کی ایک مثال بن کر سامنے آئی ہے جہاں جدید طریقہ کار اور ٹیکنالوجی کی مدد سے جرائم کی روک تھام کیلئے اقدامات کیے جارہے ہیں۔آئی اے سی پی کی جانب سے یہ اعتراف پاکستان میں جدید پولیسنگ کے فروغ کی عالمی سطح پر پذیرائی قرار دیا جا رہا ہے۔

ایوارڈ دینے کی باقاعدہ تقریب 2026 کی آئی اے سی پی سالانہ کانفرنس اور ایکسپوزیشن کے اختتام پر امریکا کے شہر اورلینڈو، فلوریڈا میں منعقد ہوگی۔ یہ تقریب 27 اکتوبر 2026 کو اورنج کاؤنٹی کنونشن سینٹر میں منعقد کی جائے گی۔

ایوارڈ کے تحت پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کو کانفرنس میں شرکت کے لیے مفت رجسٹریشن، ہوٹل رہائش، ایوارڈ تقریب میں شرکت کے ٹکٹس اور آئی اے سی پی کی ایک سالہ رکنیت بھی فراہم کی جائے گی۔ ایسوسی ایشن کے مطابق یہ سہولیات ادارے کے مختلف نمائندگان کے درمیان تقسیم کی جا سکتی ہیں۔

حکام کے مطابق یہ عالمی اعزاز پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کی جانب سے ٹیکنالوجی پر مبنی اقدامات کے ذریعے گاڑیوں سے متعلق جرائم میں کمی لانے کی کوششوں کا اعتراف ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس نامزدگی سے عالمی پولیسنگ کے پلیٹ فارمز پر پاکستان کے بڑھتے ہوئے کردار اور جدید نظام کی اہمیت بھی اجاگر ہوتی ہے۔

Related Posts