لاہور: نجی ٹی وی چینل کے اینکر مبشر لقمان نے وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کے خلاف تھانے میں درخواست دائر کردی ہے۔
داتا کی نگری لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں واقع تھانے میں دی گئی اینکر مبشر لقمان کی درخواست میں وفاقی وزیر فواد چوہدری کے خلاف دھکے دینے اور تشدد کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
ماڈل ٹاؤن تھانے میں دائر کردہ درخواست میں مبشر لقمان نے کہا ہے کہ معروف سیاستدان محسن لغاری کے بیٹے کی شادی کی گزشتہ روز منعقد ہونے والی تقریب میں ان کے ساتھ ناروا سلوک کیا گیا۔
دائرکردہ درخواست میں اینکر مبشر لقمان نے کہا کہ وفاقی وزیر اور ان کے گارڈ نے مجھ پر تشدد کیا اور مجھے دھکے دئیے جس کے بعد تحریکِ انصاف کے سینئر مرکزی رہنماؤں نے بیچ بچاؤ کروایا۔
درخواست گزار اینکر مبشر لقمان نے بتایا کہ اسحاق خاکوانی اور جہانگیر ترین نے معاملہ رفع دفع کروا دیا، تاہم میرے ساتھ جو ظلم ہوا، اس کے خلاف انصاف کی درخواست کرتا ہوں۔
اینکر مبشر لقمان نے کہا کہ وفاقی وزیر فواد چوہدری کے خلاف آئینِ پاکستان کے تحت قانونی کارروائی کا مطالبہ کرتا ہوں۔ مجھے انصاف مہیا کیا جائے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل تحریکِ انصاف کے وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے ایک شادی کی تقریب کے دوران ٹی وی اینکر مبشرلقمان کو تھپڑ رسید کر دیا۔
ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین، اسحاق خاکوانی اور وفاقی وزیرفواد چوہدری گزشتہ روز سیاسی رہنما محسن لغاری کے بیٹے کی دعوت ولیمہ میں موجود تھے کہ فواد چوہدری کا مبشر لقمان سے جھگڑا ہوگیا۔
مزید پڑھیں: فواد چوہدری نے مبشر لقمان کو بھری محفل میں تھپڑ جڑدیا