جمعیت علمائے اسلام صوبہ سندھ کے میڈیا کوآرڈینیٹر علامہ سمیع الحق سواتی نے کہا ہے شہر قائد میں لاقانونیت کے باعث اسٹریٹ کرائمز عروج پر ہیں، آئے دن شہری لوٹ مار کی خونیں وارداتوں میں اپنے پیاروں سے محروم ہورہے ہیں۔ کراچی کا ہر دوسرا گھر غمزدہ ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعیت علمائے اسلام پی ایس 122 کے مجلس عاملہ کے ارکان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ارکان عاملہ جنرل سیکرٹری پی ایس 122 محمد شریف گبول اراکین عاملہ مولانا بختیار احمد کاکڑ، مولانا عبداللہ صافی، غلام مصطفی گبول، قاری مفتی محمود، نورزمین خان، حسین احمد گبول، عمرگبول و دیگر شریک ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں:
اقراء حفاظ گرلز کالج کی طالبات نے انٹر بورڈ امتحانات میں میدان مارلیا
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اسٹریٹ کرائمز کے بڑھتے واقعات میں حکومتی ناکامی سوالیہ نشان ہے جب تک کرمنل سزاؤں میں ترامیم کیساتھ مؤثر حکمت عملی نہیں اپنائی جائے گی وارداتوں کا تدارک ناممکن ہے۔
اجلاس میں 15 جنوری سے کراچی کے ملتوی شدہ بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا اور مختلف یوسیز میں جلد عوامی رابطہ مہم کے آغاز کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
اجلاس میں پی ایس 122 کے سینئر نائب امیر مولانا عبد العلیم اظہر (تیسرٹاؤن) کے انتقال کے باعث خالی عہدے پر جے یوآئی کے سینئر رکن مولانا عبدالرحمن کو تیسر ٹاؤن سے پی ایس 122 کے سینئر نائب نامزد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اللہ تعالیٰ ان سمیت ہم سب کو جمعیت علمائے اسلام کے کاز کیلئے خلوص نیت سے کام کی توفیق عطا فرمائے اور سب کی کاوشیں قبول و منظور فرمائے۔