پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز نے بدھ کے روز پورے صوبے میں تمام تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کیا ہے، یہ فیصلہ بھارتی میزائل حملوں کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال کے پیش نظر کیا گیا ہے جن میں معصوم شہریوں کی جانیں ضائع ہوئیں۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارت نے منگل اور بدھ کی درمیانی شب پاکستانی سرزمین پر میزائل حملے کیے جنہیں بزدلانہ کارروائی قرار دیا گیا ہے۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ افواجِ پاکستان اس حملے کا بھرپور جواب دے رہی ہیں اور دشمن کے وقتی جشن کو مستقل سوگ میں بدل دیں گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے بھارتی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہید ہونے والے معصوم افراد کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ قوم اپنے شہداء کے خون کا بدلہ لینا جانتی ہے اور بھارت کی اشتعال انگیزی کا ہر سطح پر جواب دیا جائے گا۔
بھارتی حملے کے بعد ملک بھر میں ایوی ایشن حکام نے 48 گھنٹوں کے لیے فلائٹ آپریشن معطل کر دیا ہے، جس کا اطلاق تمام ہوائی اڈوں پر کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ 22 اپریل کو مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں ہونے والے دہشت گرد حملے کے بعد سے پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
بھارت نے بغیر ثبوت کے اس حملے کا الزام پاکستان پر عائد کیا، جب کہ پاکستان نے اس کی سختی سے تردید کرتے ہوئے آزادانہ تحقیقات کی پیشکش کی تھی۔
پاکستان کا مؤقف ہے کہ وہ ہر قسم کی بین الاقوامی تحقیق میں تعاون کے لیے تیار ہے، تاکہ خطے میں امن قائم رکھا جا سکے۔