پاکستانی گلوکار علی ظفر نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 6 کی افتتاحی تقریب میں پرفارم نہ کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی سی بی نے پی ایس ایل 6 کی افتتاحی تقریب استنبول میں منعقد کرنے کا اعلان کرتے ہوئے بتایا تھا کہ علی ظفر افتتاحی تقریب میں شائقین کا لہو گرمائیں گے، تاہم گلوکار علی ظفر نے اس کی تردید کی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر گزشتہ روز اپنے پیغام میں گلوکار اور فلمی اداکار علی ظفرنے کہا کہ میں پی ایس ایل 6 کی افتتاحی تقریب میں پرفارم نہیں کروں گا، جس پر سوشل میڈیا صارفین نے افسوس کا اظہار کیا۔
I will not be performing at the opening ceremony.
— Ali Zafar (@AliZafarsays) February 14, 2021
قبل ازیں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کہہ چکے تھے کہ پی ایس ایل 6 کی افتتاحی تقریب براہِ راست نہیں بلکہ ریکارڈڈ ہوگی جسے میچ سے قبل ٹی وی پر نشر کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کی افتتاحی تقریب کیلئے پی ایس ایل کا آفیشل ترانہ گانے والے فنکار ترکی پہنچ گئے جہاں افتتاحی تقریب ریکارڈ ہوگی۔
پاکستان سپر لیگ کی افتتاحی تقریب پاکستان کے بجائے دوسرے ملک میں رکھنے کے حوالے سے گزشتہ روز بھی مختلف سوالات اٹھائے جا رہے تھے جس پر شائقین کا ملا جلا رد عمل سامنے آیا۔
مزید پڑھیں: پی ایس ایل 6کی افتتاحی تقریب کی ریکارڈنگ استنبول میں کی جائیگی