ملتان میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ جلسے کیلئے ریلی پر گرفتار کیے گئے سابق وزیرِ اعظم یوسف گیلانی کے صاحبزادے علی موسیٰ گیلانی کی ضمانت منظور کر لی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے اہم رہنما اور سابق رکنِ قومی اسمبلی علی موسیٰ گیلانی نے گزشتہ روز ملتان کے پی ڈی ایم جلسے کیلئے ریلی نکالی جس پر انہیں پی پی پی کارکنان سمیت حراست میں لے لیا گیا۔
پولیس نے موسیٰ گیلانی پر جو مقدمہ درج کیا اس میں کورونا وائرس ایس او پیز کی خلاف ورزی کے ساتھ ساتھ کارِ سرکار میں مداخلت کی دفعات بھی لگائی گئیں جس کے بعد پولیس نے انہیں اسپیشل مجسٹریٹ جواد ظفر کے روبرو پیش کیا۔
اسپیشل مجسٹریٹ نے سابق رکنِ اسمبلی موسیٰ گیلانی کے ساتھ ساتھ دیگر پی پی پی کارکنان کی درخواستِ ضمانت کی سماعت کی، جس کے دوران کارکنان نے خوب نعرے بازی کی۔
سابق ایم این اے موسیٰ گیلانی کی ضمانت منظور ہونے پر پی پی پی کارکنان نے اپنے رہنما کو پھولوں کے ہار پہنا کر خوشی کا اظہار کیا، علی موسیٰ گیلانی نے کہا کہ ہم گرفتاریوں سے ہرگز خوفزدہ نہیں، 30 نومبر کو پی ڈی ایم جلسہ ضرور ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: علی موسیٰ گیلانی کے ایفی ڈرین کیس میں وارنٹ گرفتاری جاری