پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما علی محمد خان کو اڈیالہ جیل راولپنڈی سے رہائی کے بعد دوبارہ حراست میں لے لیا گیا۔
پولیس ذرائع نے اس حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی رہنماء علی محمد خان کو دوبارہ حراست میں لے لیا گیا ہے، انہیں کے پی پولیس نے حراست میں لیا ہے۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی رہنماء کو اڈیالہ جیل راولپنڈی سے رہا کیا گیا تھا۔ جیل انتظامیہ کا اس حوالے سے موقف تھا کہ علی محمد خان کو نظر بندی کی مدت پوری ہونے پر آزاد کیا گیا تھا۔
دوسری جانب سینئر صحافی اور ٹی وی اینکر پرسن سمیع ابراہیم گزشتہ ہفتے وفاقی دارالحکومت سے لاپتہ ہونے کے بعد منگل کی صبح گھر واپس پہنچ گئے۔
سینئر صحافی نے اپنی واپسی کی تصدیق کرتے ہوئے اپنے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا۔
مزید پڑھیں:پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری
واضح رہے کہ 24 مئی بروز بدھ کو آٹھ سے 10 افراد جن میں سے کچھ وردی میں موجود تھے، نے بول نیوز کے صدر اور اینکر سمیع ابراہیم کو اس وقت حراست میں لے لیا جب وہ دارالحکومت اسلام آباد میں نجی براڈکاسٹر کے دفتر سے گھر جا رہے تھے۔