کراچی: قومی ٹیم کے عبوری چیف سلیکٹر شاہد آفریدی نے نیوزی لینڈ کے خلاف کراچی میں پہلے ٹیسٹ میں شاندار کارکردگی پر پاکستانی ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور سرفراز احمد کی تعریف کی ہے۔
ٹویٹر پر، سابق پاکستانی کرکٹر اور قومی سلیکشن کمیٹی کے عبوری سربراہ نے کہا کہ،“آج پاکستان کی کارکردگی سے خوش ہوں، وکٹوں کے ابتدائی نقصان کے بعد شاندار واپسی ہوئی۔ بابر اعظم کی ایک اور شاندار اننگز کے لیے خصوصی تعریف۔ سرفراز نے اپنے انتخاب کو درست ثابت کیا، دباؤ کے دوران انہوں نے بہترین کارکردگی دکھائی۔
واضح رہے کہ شاہد آفریدی کو رواں ہفتے پاکستان مردوں کی قومی ٹیم کا عبوری چیف سلیکٹر نامزد کیا گیا تھا، ان کے ایک وقت کے ساتھی عبدالرزاق اور راؤ افتخار انجم تین رکنی کمیٹی کا حصہ ہیں۔
مزید پڑھیں:شاہد آفریدی نے سینئر کھلاڑیوں کی پاکستان کرکٹ ٹیم میں واپسی کا عندیہ دے دیا
اس سے قبل شاہد آفریدی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ بابر اعظم ہماری ٹیم کی ریڑھ کی ہڈی ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ وہ عالمی معیار کے کپتانوں کی فہرست میں اسی طرح شامل ہوں جس طرح وہ عالمی معیار کے کھلاڑی ہیں۔