روس کے شہر کازان میں ہونے والے عالمی اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا جس میں افغانستان کی طالبان حکومت سے ملک میں موجود دہشت گردوں کے تمام ٹھکانے ختم کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کازان میں ماسکو فارمیٹ کے تحت افغانستان کے موضوع پر ہونے والے اجلاس میں پاکستان، بھارت، چین روس، افغانستان اور ایران کے نمائندے شریک ہوئے جس میں افغانستان کی صورتحال زیرِ غور آئی۔
سعودی عرب سے 11465 غیر قانونی تارکین وطن گرفتار
افغانستان پر طالبان حکومت کے قابض ہونے کے بعد سے عالمی برادری کو تشویش لاحق ہے۔ خاص طور پر خواتین کے حقوق سمیت انسانی حقوق کی صورتحال کے علاوہ دہشت گردی پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
عالمی اجلاس کے اعلامیے میں کہا گیا کہ طالبان حکومت کو افغانستان سے تمام دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو ختم کرنا ہوگااور تمام گروہوں کی نمائندہ جامع حکومت کی جلد تشکیل ممکن بنائی جائے۔
اجلاس کے دوران روسی نمائندۂ خصوصی نے افغانستان میں غیر علاقائی عناصر کی بیرونی مداخلت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ طالبان دہشت گردوں اور خصوصاً داعش کے مقابلے میں کارگر ثابت نہیں ہوسکے۔
روس کا کہنا تھا کہ طالبان حکومت افغانستان کے شدید معاشی بحران کا حل بھی تلاش نہ کرسکی جبکہ نسلی گروہوں کو جب تک قومی دھارے میں نہیں لایا جائے گا، افغانستان میں قیامِ امن کا خواب شرمندۂ تعبیر نہیں ہوسکتا۔