افغان عبوری حکومت کے وزیر خارجہ مولوی امیرخان متقی نے کہا ہے کہ میڈیا کوچاہیے کہ افغانستان کی حقیقی تصویر دنیا کے سامنے پیش کرے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے افغانستان کے سرکاری اور پرائیویٹ میڈیا اداروں کے نمائندگان کے ایک وفد سے کابل میں ملاقات کےد وران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
یہ بھی پڑھیں:
تصویری جھلکیاں، لیونل میسی کی ارجنٹائن نے فیفا ورلڈ کپ 2022 جیت لیا
ملاقات میں وزیر خارجہ نے افغانستان کے موجودہ حالات، نئی حکومت اور مثبت تبدیلیوں کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی۔ انہوں نے ذرائع ابلاغ سے مطالبہ کیا کہ افغانستان کی درست اور حقیقی تصویر دنیا کے سامنےپیش کریں۔
دریں اثنا کابل میں نائب ایرانی سفیر حسین مرتضوی نے بھی افغان وزیر خارجہ سے ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ملا امیر خان متقی نے کہا کہ افغانستان اور ایران نہ صرف ہمسایہ ممالک ہیں بلکہ یہ آپس میں بہت سے دینی، مذہبی اور ثقافتی مشترکات رکھتے ہیں۔ ان مشترکات کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اقتصادی اور ٹرانزٹ تعلقات کو وسعت دی جاسکتی ہے۔
ملاقات میں حسین مرتضوی نے افغانستان کے موجودہ حالات کو مثبت قرار دیا اور کہا کہ میڈیا نمائندوں کا یہاں آنا اسی مقصد کے لیے ہے تاکہ افغانستان کے حالات کا قریب سے مشاہدہ کریں۔ ہمارا ملک چاہتا ہے افغانستان کے ساتھ واضح اقتصادی لین دین اور تعلقات رکھیں۔