کابل: متحدہ عرب امارات میں ہونے والی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت کیلئے افغان کرکٹ ٹیم قطری دارالحکومت دوحہ پہنچ گئی۔
افغان میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ طالبان کی جانب سے افغان کرکٹ بورڈ میں تعینات کردہ چیئرمین عزیز اللہ فاضلی اور چیف ایگزیکٹو نصیب خان نے کابل میں کرکٹ ٹیم کو الوداع کیا۔
اس موقع پر چیئرمین کا کہنا تھاکہ افغان کرکٹ ٹیم نے ورلڈکپ کیلئے بہت تیاری کی ہے۔ان کا کہنا تھاکہ افغان کرکٹ ٹیم کا 22 رکنی اسکواڈ پہلے قطر کے دارالحکومت دوحہ پہنچے گا جس کے بعد ٹیم متحدہ عرب امارات جائے گی۔
دوسری جانب نیشنل ٹی ٹونٹی چمپئن شپ میں شریک بلوچستان کے چار کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آ گئی،جس کے بعد کھلاڑیوں کو دس ر وزکے لئے قرنطینہ کردیا گیا۔
ترجمان کے مطابق اسکواڈ میں شامل باقی تمام کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آئی ہے۔بائیو سیکیور ببل میں موجود تمام شرکا ء کے کورونا ٹیسٹ منگل کے روز لیے گئے تھے۔
چارکھلاڑیوں کے ٹیسٹ مثبت آنے کے بعدناردرن اور بلوچستان کے مابین شیڈول میچ کو ناردرن اور سدرن پنجاب کے مابین میچ سے تبدیل کردیا گیا۔
7 اکتوبر کو بلوچستان اور خیبرپختونخوا ہ کے مابین میچ اپنے شیڈول کے مطابق ہوگا۔بلوچستان کی سیکنڈ الیون کے اسکواڈ میں شامل کھلاڑی اس میچ کے لیے اپنی فرسٹ الیون کو دستیاب ہوں گے۔
یہ کھلاڑی ایک سے دوسرے ببل میں منتقل ہوجائیں گے تاہم اس دوران ان کا کورونا ٹیسٹ بھی کیا جائے گا۔آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے لئے اعلان کردہ قومی اسکواڈ میں شامل کھلاڑی اور اسپورٹ کے ارکان 7 اکتوبر تک نیشنل ٹی ٹونٹی میں شرکت کرسکتے ہیں۔
8 اکتوبر سے وہ آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے لئے بنائے گئے علیحدہ ببل میں منتقل ہوجائیں گے۔پی سی بی اس حوالے سے صورتحال کا مسلسل جائزہ لیتا رہے گا۔
مزید پڑھیں: نیشنل ٹی 20 ٹورنامنٹ، سینٹرل پنجاب نے سندھ کو بآسانی 8 وکٹوں سے ہرادیا