میرے پاس تم ہو سمیت متعدد ڈرامہ سیریلز میں اداکاری کے جوہر دکھانے والے معروف پاکستانی اداکار عدنان صدیقی نے کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے ویکسین کی دوسری خوراک لگوا لی ہے۔
تفصیلات کے مطابق معروف اداکار عدنان صدیقی نے گزشتہ ماہ ویکسین کی پہلی خوراک لگوائی تھی جس کے بعد پیر کے روز انہوں نے دوسری بار کورونا ویکسین لگوانے سے متعلق مداحوں سے ایک ویڈیو شیئر کی۔
فوٹو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹا گرام پر اپنے ویڈیو پیغام میں اداکار عدنان صدیقی نے کہا کہ میں نے دوسری بار کورونا کی خوراک لگوائی ہے جس پر مجھے خوشی ہے کہ اب سوئی لگنے کی دہشت سے متعلق خوفناک خواب آنا بند ہوجائیں گے۔
ویڈیو پیغام میں اداکار عدنان صدیقی نے کہا کہ اگر آپ بھی کورونا سے بچنا چاہتے ہیں تو ویکسین لگوائیے، اگر اب بھی ویکسین پر یقین نہیں تو اپنے ڈاکٹر سے مشورہ کیجئے۔ ویکسین لگوا کر وائرس سے نجات حاصل کریں۔
عدنان صدیقی نے کہا کہ مہلک کورونا وائرس کے خلاف ویکسین آپ کو تحفظ فراہم کرتی ہے۔ اس سے آپ کو جسمانی سکون و اطمینان کے علاوہ ذہنی اذیت اور کوفت سے بھی نجات ملتی ہے۔ معروف اداکار نے ویکسین لگانے والے ڈاکٹر کا شکریہ بھی ادا کیا۔
یہ بھی پڑھیں: چپکے چپکے کے سیکوئل کے حوالے سے کوئی بات نہیں ہوئی،دانش نواز