اسلام آباد: تبدیلی کمان کی پر وقار تقریب میں ایڈمرل نوید اشرف نے پاک بحریہ کی کمان سنبھال لی ہے۔ سبکدوش ہونے والے نیول چیف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے کمان نئے سربراہ پاک بحریہ کے حوالے کی۔
تفصیلات کے مطابق ایڈمرل نوید اشرف نے پاک بحریہ کے 23ویں سربراہ کی حیثیت سے کمان سنبھالی۔ نئے نیول چیف نے 1989 میں پاک بحریہ کی آپریشنز برانچ میں کمیشن حاصل کیا تھا۔
آج تبدیلی کمان کی پر وقار تقریب میں پاک بحریہ کمان سنبھالنے والے نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے جرمنی اور پاکستان میں ابتدائی بحری تربیت حاصل کی اور غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
بحری تربیت میں غیر معمولی کارکردگی کی بنیاد پر ایڈمرل نوید اشرف کو قائدِ اعظم گولڈ میڈل سے نوازا گیا۔ نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نیوی وار کالج لاہور اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد سے فارغ التحصیل ہیں۔
نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نیول اسٹاف کالج امریکا اور رائل کالج آف ڈیفنس اسٹڈیز برطانیہ سے بھی فارغ التحصیل ہیں۔ ایڈمرل نوید اشرف کے شاندار کیرئیر میں 10 سالہ کمانڈ کا وسیع تجربہ شامل ہے۔
ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ ایڈمرل نوید اشرف کو غیر معمولی پیشہ ورانہ خدمات پر ہلالِ امتیاز ملٹری اور تمغۂ بسالت جیسے اعزازات سے نوازا گیا۔
تبدیلی کمان کی پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سبکدوش ہونے والے نیول چیف محمد امجد خان نیازی نے کہا کہ گزشتہ سیلاب سے پاکستان کی معیشت کو بہت نقصان پہنچا۔
تقریب سے خطاب کے دوران ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے کہا کہ سیلابی صورتحال میں بھی پاک بحریہ کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل رہا۔ کورونا وبا کے دوران عالمی معیشت بحران کا شکار رہی۔
خطاب کے دوران ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے کہا کہ پاک بحریہ ملکی دفاع کیلئے مضبوط اور بہترین ادارہ ہے۔ پاکستان نیوی پیشہ ورانہ اور بھرپور صلاحیتوں کی حامل فورس ہے۔