لاہور کی سیشن عدالت نے معروف اسٹیج اداکارہ نرگس کے مبینہ گھریلو تشدد کے کیس میں ملزم کی عبوری ضمانت میں توسیع کردی ہے۔
نرگس اپنی دلکش پرفارمنس کے لیے جانی جاتی ہیں اور پاکستان کی تفریحی صنعت میں ایک نمایاں شخصیت ہیں اور انہوں نے کئی پنجابی اسٹیج ڈراموں اور فلموں میں کام کیا ہے۔
ان کا کیریئر کئی دہائیوں پر محیط رہا ہے، جس کے دوران انہوں نے وسیع مداحوں کا حلقہ اور ایک باصلاحیت فنکار کے طور پر شہرت حاصل کی۔
ہفتے کو سما نیوز کی رپورٹ کے مطابق، عدالت نے ملزم ماجد بشیر کی عبوری ضمانت کی درخواست کا جائزہ لیا، جو خود عدالت میں پیش ہوئے۔ سماعت کے دوران پولیس نے نامکمل تفتیشی رپورٹ پیش کی۔
اورنگی میں ڈکیتی، منصوبہ لڑکیوں نے بنایا اور، دو نوجوانوں کی ہلاکت سے متعلق سنسنی خیز انکشافات
رپورٹ کے مطابق، ایک پولیس اہلکار نے مزید وقت کی درخواست کرتے ہوئے کہاکہ ہمیں تفتیش مکمل کرنے اور ضروری شواہد جمع کرنے کے لیے مزید وقت درکار ہے۔
ایڈیشنل سیشن جج نے پولیس کو تحقیقات مکمل کرنے کے لیے مزید وقت دیتے ہوئے ملزم ماجد بشیر کی عبوری ضمانت میں 2 جنوری تک توسیع کر دی۔
نرگس کی حیثیت کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ الزامات خاصی توجہ کا مرکز بنے ہیں۔ مداحوں اور حمایتیوں نے اس معاملے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انصاف کے تقاضے پورے کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
یہ کیس ابتدائی طور پر ڈیفنس سی پولیس اسٹیشن میں درج کیا گیا تھا، جہاں شکایت کنندہ نے ماجد بشیر پر گھریلو تشدد کا الزام عائد کیا تھا۔ تفتیش ابھی جاری ہے۔