اُبھرتی ہوئی اداکارہ خدیجہ سلیم کا کہنا ہے کہ شادی کا بہت شوق ہے، چاہتی ہوں میرا شوہر میرے نخرے اٹھائے۔
ایک انٹرویو میں خدیجہ کا کہنا تھا کہ شوبز انڈسٹری میں قدم رکھنے کے بعد اُن کی زندگی میں نمایاں تبدیلی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ‘پہلے میں کام چور تھی اور میری والدہ میرے ہر نخرے اٹھاتی تھیں، لیکن اب خود کو منظم کرنا سیکھا ہے۔ شوبز میں ہر کام خود کرنا پڑتا ہے، جس نے مجھے خود مختار بنا دیا ہے۔‘
شادی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے خدیجہ سلیم نے کھل کر بتایا کہ مجھے شادی کا بہت شوق ہے، میں چاہتی ہوں کہ میرا شوہر نہ صرف خوش شکل ہو بلکہ میری طبیعت اور مزاج کو بھی سمجھے۔ ان کا کہنا تھا کہ چونکہ وہ اپنی بات کھل کر بیان نہیں کرتیں، اس لیے انہیں ایسا جیون ساتھی چاہیے جو اُن کے دل کی باتیں بنا کہے سمجھ سکے۔
انہوں نے ہنستے ہوئے کہا کہ لوگ مجھ سے پوچھتے ہیں کہ تمہیں ایسا مثالی شوہر کہاں ملے گا؟ کیا تم آرڈر پر بنواؤ گی؟ تو میرا جواب ہوتا ہے کہ میں اللہ سے مانگ رہی ہوں اور مجھے یقین ہے کہ وہ مجھے ایسا ہی شوہر عطا کریں گے۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ وہ چاہتی ہیں کہ ان کے ہونے والے شوہر کی جانب سے شادی کی پیشکش کسی خوبصورت غیر ملکی مقام پر ہو، شادی کی تقریبات شاندار ہوں اور وہ شخص اُن کے نخرے نہ صرف برداشت کرے بلکہ اُنہیں اور بھی لاڈ پیار سے بگاڑ دے۔
واضح رہے کہ خدیجہ سلیم ڈرامہ سیریل ’میم سے محبت‘ میں دنانیر مبین کی بہن کے کردار سے مقبول ہوئیں اور شائقین نے اُن کی پرفارمنس کو خوب سراہا۔