کراچی: آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا کہنا ہے کہ ملک میں غیر قانونی اقدامات کے خلاف کارروائی جاری رکھیں گے۔
آئی ایس پی آر کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کراچی کا دورہ کیا جہاں کور کمانڈر کراچی نے ان کا استقبال کیا۔
سپہ سالار نگران وزیراعلیٰ سندھ جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر کے ہمراہ صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں شریک ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سپہ سالار کو نیشنل ایکشن پلان، کچے میں آپریشن اور سی پیک میں کام کرنے والے غیر ملکی شہریوں سے متعلق بریفنگ دی گئی۔
سپہ سالار نے اجلاس میں تاریخی اقدامات کے فائدہ مند اثرات کیلئے تمام متعلقہ محکموں کے درمیان ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیا جبکہ شرکاء کا کہنا تھا کہ ریاستی ادارے، سرکاری محکمے اور عوام صوبے کی ترقی اور خوشحالی کیلئے متحد ہیں۔
آرمی چیف کو غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو واپس بھجوانے اور غیر ملکی کرنسی کو ریگولرائز کرنے کے حوالے سے پلان پر بھی بریف کیا گیا۔
مزید پڑھیں:نواز شریف دل کے عارضے میں ابھی بھی مبتلا، میڈیکل رپورٹ لاہور ہائیکورٹ میں جمع
سپہ سالار نے کہا کہ غیر قانونی کارروائیوں کی وجہ سے معیشت کو نقصان پہنچ رہا ہے، سکیورٹی ادارے غیر قانونی اقدامات کے خلاف کارروائی جاری رکھیں گے۔