پاکستان کے سابق کرکٹر عبدالرزاق نے معروف بالی وڈ اداکارہ ایشوریا رائے کے بارے میں ’غیر مہذب‘ گفتگو پر معافی مانگ لی ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر عبدالرزاق کی ویڈیو وائرل ہے جس میں انہیں ایشوریا رائے کے بارے میں نازیبا گفتگو پر معافی مانگتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
عبدالرزاق نے اپنی ویڈیو میں کہا کہ کل پریس کانفرنس میں کرکٹ کی بات ہو رہی تھی، کوچنگ کی بات ہو رہی تھی اور نیت کی بات ہو رہی تھی، اس دوران میری زبان پھسل گئی اور میں نے مثال کوئی اور دینی تھی اور ایشوریا جی کا نام میرے منہ سے نکل گیا۔
سابق آل راؤںڈر مزید کہتے ہیں کہ میں اس پر بہت معذرت خواہ ہوں اور معافی چاہتا ہوں ان سے، میرا مقصد ایسا بولنا نہیں تھا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل سوشل میڈیا پر عبدالرزاق کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں وہ ایک تقریب میں شریک تھے جہاں دوران گفتگو انہوں نے ہندی فلموں کی سپرسٹار اداکارہ ایشوریا رائے کے بارے میں نازیبا گفتگو کی۔
اس تقریب میں عبدالرزاق کے ساتھ پاکستان کے سابق کرکٹرز شاہد آفریدی، عمر گل اور سعید اجمل بھی شریک تھے۔
ویڈیو میں یہ بھی دیکھا جا سکتا ہے کہ عبدالرزاق جب اداکارہ کے بارے میں گفتگو کرتے ہیں تو اُن کے ساتھ بیٹھے ہوئے شاہد آفریدی اور عمر گل بھی تالیاں بجا کر ہنسنے لگ جاتے ہیں۔
اس ویڈیو کے وائرل ہونے بعد سابق آل راؤںڈر کو سوشل میڈیا پر بھرپور تنقید کا نشانہ بنایا جارہا تھا، جس کے بعد اب عبد الرزاق نے اپنی گفتگو پر معافی مانگ لی ہے۔