کراچی :ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز(آباد) کے چیئرمین محسن شیخانی نے کہا ہے کہ حکومت سے کوئی مراعات یا زمین نہیں مانگتے ،ہمیں قانون کے مطابق کام کرنے کی اجازت دی جائے،سندھ میں تعمیراتی شعبے کی ترقی اور تحفظ کے لیے وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ کو 5 نکاتی چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کردیا ہے۔
یہ بات انھوں نے کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔آباد کے سینئر وائس چیئرمین محمد حنیف میمن،وائس چیئرمین الطاف کانٹا والا،آباد سدرن ریجن کے چیئرمین سفیان آڈھیا بھی ان کے ہمراہ تھے۔
محسن شیخانی نے کہا کہ ہم سندھ حکومت سے کوئی مراعات یا زمین نہیں مانگتے بلکہ ہم صرف یہ چاہتے ہیں کہ ہمیں قانون کے مطابق کام کرنے کی اجازت دی جائے،آباد غیر قانونی تعمیرات کے خلاف ہے اور ہمیشہ غیر قانونی تعمیرات کے خلاف آباد نے آواز اٹھائی ہے۔
محسن شیخانی نے کہا کہ کراچی میں تعمیراتی شعبہ کو نقصان ہوگا تو سیکڑوں ذیلی صنعتوں کو بھی نقصان ہوگا،ہمارے شہر کے انجینئرنگ یونیورسٹی سے فارغ التحصیل انجینئرز کو روزگار ملنا مشکل ہوگا۔
تعمیراتی شعبے سے لاکھوں افراد کا روزگار وابستہ ہے۔ ہمارے چارٹر آف ڈیمانڈ میں تعمیراتی پروجیکٹس کی این او سیز کی اپروول کے لیے سنگل اتھارٹی قائم کی جائے اور اس اتھارٹی کو کوئی بھی چیلنج نہ کرسکے۔
انھوں نے کہا کہ ہم تمام قوانین پر عمل کرنے اور اربوں روپے کی ٹیکس ادا کرنے کے عمارتیں تعمیر کرتے ہیں تو پتہ چلتا ہے کہ اس میں بے ضابطگیاں ہوئیں اور عمارتوں کی مسماری کے حکام جاری کیے جاتے ہیں۔
محسن شیخانی نے کہا کہ سنگل اتھارٹی رجسٹریشن سے سندھ میں تعمیراتی شعبہ ترقی کرے گا جس سے سندھ کے عوام کو روزگار ملے گا اور سندھ کی معیشت کو بھی ترقی ملے گی۔
مزید پڑھیں:ریلی موخر، نسلہ ٹاور کی اجازت دینے والوں کیخلاف عدالت جا رہے ہیں،محسن شیخانی