ممبئی: بھارت میں ہر گزرتا ہوا دن کورونا وباء کے لئے مزید خطرناک ثابت ہورہا ہے، ایک دن میں کورونا کے باعث مزید 4 ہزار کے قریب اموات ریکارڈ کی گئیں جب کہ 4 لاکھ سے زائد افراد وائرس میں مبتلا ہوگئے ہیں۔
بھارت میں کورونا وبا کے باعث صورتحال انتہائی خراب ہوگئی ہے، ہرنیا دن گزرے ہوئے دن کا ریکارڈ توڑرہا ہے، ہر 24 گھنٹے بعد 4 لاکھ سے زائد افراد وائرس سے متاثر ہورہے ہیں جب کہ ہزاروں کی تعداد میں لوگ موت کے منہ میں جارہے ہیں۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ گزشتہ 10 دنوں سے مسلسل 3 ہزار سے زائد اموات ریکارڈ ہورہی ہیں، عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ مجموعی طور پر 10 دنوں کے دوران ہونے والی سب سے زیادہ اموات ہیں، اس سے قبل یہ تعداد امریکا میں ریکارڈ کی گئی تھی۔
بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ایک بار پھر 4 لاکھ 14 ہزار سے زائد کیسز سامنے آئے جب کہ 3915 افراد موت کے منہ میں چلے گئے۔
واضح رہے کہ بھارت میں کورونا کی تباہ کاریوں کے باعث مختلف ممالک کی جانب سے امدادی سامان بھارت بھیجا جارہا ہے، جبکہ پاکستان نے بھی بھارت کو امداد کی پیشکش کی ہے مگر تاحال بھارت کی جانب سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔