بیٹی کے جنازے پر شادی کی طرح تیار ہونے والی ماں کی پوسٹ نے سوشل میڈیا پر بڑے تنازع کو ہوا دے دی۔
حال ہی میں کیرس وائیڈر نامی خاتون کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے ایک ویڈیو پوسٹ کی گئی جس میں کیرس کو پولکا ڈاٹ پرنٹ کی اسکرٹ پہنے کیمرے کے آگے گھوم گھوم کر ویڈیو بناتے دیکھا جا سکتا ہے۔ ویڈیو میں خاتون عروسی لباس میں میکسی پکڑے گھومتے بھی دیکھی گئی۔
کیرس نے اپنی شیئر کی گئی ویڈیو کے کیپشن میں لکھا کہ ’اپنی بیٹی کے جنازے کے لیے بالکل ایسے ہی تیار ہو رہی ہوں جیسے اپنی شادی کیلئے تیار ہوئی تھی‘۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق خاتون کا تعلق امریکا سے ہے، خاتون کی انسٹاگرام پروفائل کا جائزہ لیا جائے تو پتہ چلتا ہے کہ خاتون کی نوزائیدہ بچی پیدائش کے 2 دن بعد فوت ہوگئی تھی اور خاتون کی جانب سے 21 جولائی کو اپنی بیٹی کی موت کی خبر شیئر کی گئی تھی۔
خاتون کی شیئر کی گئی انسٹاگرام ویڈیو پر ویوز کی تعداد 12ملین ہو چکی ہے تاہم بیٹی کے جنازے پر شادی جیسی تیاری پر ناقدین کی جانب سے سخت تنقید کا سلسلہ بھی جاری ہے جس سے تنگ آکر امریکی خاتون نے کمنٹس سیکشن بند کردیا ہے۔
جس کے بعد اب بچی کی یاد میں حال ہی میں باقاعدہ ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کی تیاری کی ویڈیو خاتون نے شیئر کی۔ اس ویڈیو کو ریڈٹ پر شیئر کرتے ہوئے سوشل میڈیا صارفین اپنی دل کی بھڑاس نکال رہے ہیں۔

ایک صارف نے ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ایسے کون کرتا ہے؟ کیا لوگوں نے چند لائکس اور تبصروں کے لیے اپنا ضمیر، ذہن سب کچھ کھو دیا ہے؟
ایک صارف نے لکھا کہ لوگ ایسے کمزور لمحات کا فائدہ کیسے اٹھا سکتے ہیں جیسے کیمرا بند کرو اور ٹھیک ہو جاؤ؟
ایک صارف نے خاتون کی سوشل میڈیا پوسٹ کا جائزہ لینے کے بعد ان کی حمایت میں لکھا کہ اس کی کہانی ناقابل یقین حد تک افسوسناک ہے۔
اپنی پوسٹ پر ہونے والی تنقید پر تبصرہ کرتے ہوئے کیرس نے ایک فالو اسٹوری شیئر کی جس میں خود پر ہونے والی تنقید کو سنگدلانہ تبصرے قرار دیا، کیرس نے آئینے کے سامنے سیلفی شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ نفرت کرنے والوں سے معذرت کہ میں اب بھی مسکراتی ہوں اور کپڑے پہنتی ہوں۔