جڑواں شہروں میں گزشتہ رات سے ہونے والی بارش سے اسلام آباد کے سیکٹر آئی الیون میں کچا مکان گرنے کی وجہ سے ایک چھوٹا بچہ اور اس کی والدہ جاں بحق ہوگئے ہیں۔ دو بچوں کو زندہ برساتی نالے سے نکال لیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق معمول سے زیادہ بارش ہوئی۔ ای الیون سیکٹر میں سی ڈی اے کی جانب سے نالوں کی صفائی ستھرائی نہیں کی گئی تھی۔
تفصیلات کے مطابق سیکٹر ای الیون میں چار ہاؤسنگ سوسائٹیز ہیں اور ان سوسائٹیز کے اطراف میں قدرتی برساتی نالے ہیں۔ سی ڈی اے پلان کے مطابق نالے کی چوڑائی 50 فٹ تھی جس کو کم کرکے صرف دس فٹ تک محدود کر دیا گیا ہے۔ باقی چالیس فٹ پر پلازے تعمیر کیے گئے ہیں۔
ایم ایم نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے شہریوں، تاجروں اور دکانداروں کا کہنا تھا کہ جن پلازوں کی بیسمنٹ میں اس وقت پانی بھرا ہوا ہے یہ وہی پلازے ہیں جن کو سی ڈی اے کی ملی بھگت سے برساتی نالے پر ناجائز تعمیر کیا گیا ہے۔ نالے کی چوڑائی کم ہونے کی وجہ سے پانی کا بہاؤ زیادہ اور تیز تھا جس میں گاڑی اور موٹر سائیکلیں بہہ گیئں۔ قیمتی جانوں کا نقصان ہوا۔
تاجروں کا کہنا تھا کہ ہم اپنی مدد اپ کے تحت ریسیکو اور امدادی کام کر رہے ہیں ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی کوئی ٹیم موقع پر موجود نہیں ہے۔ ہمارے وئیر ھاؤسز میں کروڑوں روپے کا سامان تباہ و برباد ہو گیا ہے ہمارا کوئی پرسان حال نہیں۔ نالوں کی صفائی کا سالانہ بجٹ راشی افسران خود کھا جاتے ہیں نالوں کی صفائی نہیں کرائی جاتی۔
ان کا کہنا تھا کہ پراپرٹی مافیا نے برساتی نالوں کو بھی نہ چھوڑا ان پر بھی غیر قانونی پلازے بنا رکھے ہیں۔ گذشتہ رات سے ہونے والی بارش نے ضلعی انتظامیہ اور سی ڈی اے کی نااہلی واضح کر دی ہے۔ ہم راتوں رات فقیر بن گئے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ فوٹو سیشن کراکر چلی گئی۔
تاجروں کے رہنما صدر اجمل بلوچ کا کہنا تھا کہ ذمہ داروں کو سزائیں ملنی چاہیے اور ناجائز تعمیرات کو فوری طور پر گرایا جائے اور نالے کی توسیع کی جائے۔ تمام ادارے مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں۔ اسلام آباد جیسے شہر میں ایسے سیلاب آیا جیسے کسی دور دراز گاؤں میں سیلاب آیا ہوں تاجروں کا ناقابل تلافی نقصان ہوا حکومت کو چاہیے فوری طور پر جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کو معاوضہ ادا کرے اور سیکٹر ای الیون کے نالے پر کی گئی ناجائز تعمیرات کو گرا کر کھلا کریں تاکہ آئندہ ایسے واقعات وقوع پذیر نہ ہوں۔
یہ بھی پڑھیں: بارش کے دوران غفلت برتنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، بابر اعوان