گوجرانوالہ: محکمۂ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے عمران خان پر قاتلانہ حملے میں مبینہ طور پر ملوث ایک اور ملزم کو حراست میں لے لیا ہے جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم عمران خان پر قاتلانہ حملے کے کیس میں سی ٹی ڈی پولیس نے وزیر آباد موبائل مارکیٹ سے ایک اور مبینہ ملزم کو حراست میں لے لیا، واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزم کو حراست میں لیے جاتے دیکھا جاسکتا ہے۔
عمران خان کو قتل کی دھمکیاں، ن لیگ کا سابق ضلعی چیئرمین گرفتار
گرفتار نوجوان ملزم کا نام احسن ہے جس کا تعلق وزیر آباد کے قصبہ سوہدرہ سے ہے جو مسلم لیگ (ن) کے سیکریٹری میاں نذیر کا حقیقی بھائی ہے۔ حملہ کیس میں مرکزی ملزم نوید سمیت 5 گرفتار ملزمان سے تفتیش کی جارہی ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل پولیس نے سابق وزیر اعظم عمران خان کو قتل کی دھمکیاں دینے پر مسلم لیگ (ن) کے سابق ضلعی چیئرمین رائے قمر الزمان کھرل کو گرفتار کر لیا۔
آج سے 2 روز قبل ن لیگی رہنما و سابق ضلعی چیئرمین حافظ آباد رائے قمر الزمان کھرل کو حراست میں لیا گیا۔ مسلم لیگ (ن) کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے عمران خان کو قتل کی دھمکیاں دی تھیں۔