کراچی: نیول چیف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے کہا ہے کہ میری ٹائم میں پائیدار ترقی کے امکانات استعمال کرکے ملکی معیشت میں حصہ ڈالنے کی ضرورت ہے جبکہ میری ٹائم کا عالمی دن جہاز رانی کے تحفظ اور بحری ماحول کی اہمیت اجاگر کرنے کیلئے منایا جاتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق عالمی میری ٹائم ڈے کے موقعے پر اپنے پیغام میں نیول چیف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے کہا کہ میری ٹائم کا عالمی دِن ہر سال دنیا کی معیشت میں عالمی میری ٹائم صنعت کی شراکت داری اور جہاز رانی کے تحفظ، سمندری تحفظ اور بحری ماحول کی اہمیت اجاگر کرنے کے لیے منایا جاتا ہے جس کا موضوع جہاز رانی کے مستقبل کا مرکزہے۔
میری ٹائم کے عالمی دن کے موقعے پر نیول چیف نے کہا کہ یہ دن منانے کا مقصد جہازرانوں کی پیشہ ورانہ مہارت اور حوصلے کو خراجِ عقیدت پیش کرنا اور غیر معمولی کڑے وقتوں میں بھی معاشی سرگرمیاں جاری رکھنے کے لیے اُن کی خدمات کا اعتراف کرنا ہے جبکہ میری ٹائم سیکٹر معاشی ریڑھ کی ہڈی ہے، 95 فیصد تجارت سمندری راستے سے ہوتی ہے۔
امیر البحر ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے کہا کہ پاک بحریہ ملک میں بحری سوچ کی تشکیل میں ایک اہم حصّے دار کی حیثیت سے مطلوبہ سمندری آگہی کو فروغ دینے اور غیر استعمال شدہ بحری معیشت (بلیواکانومی) کو بروئے کار لانے کیلئے اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔سی پیک سے پہلے سے متحرک بحری سرگرمیوں میں کئی گنا اضافہ ہوچکا ہے۔
نیول چیف ایڈمرل امجد خان نیازی نے کہا کہ کورونا وباء کے باعث پاکستانی معیشت کو بڑے چیلنجز کا سامنا ہے جس سے زندگی کے تمام شعبے متاچر ہوئے۔ ہزاروں کی تعداد میں جہاز ران کئی کئی ماہ تک جہازوں پر رہنے پر مجبور ہو گئے اور ان کی ذمہ داریوں میں بھی کئی گنا اضافہ ہوا۔ کئی افراد جہازوں پر واپس نہ پہنچ سکنے کے باعث آمدن سے محروم ہوگئے۔
ایڈمرل امجد خان نیازی نے کہا کہ اگر جہاز رانوں کی مشکلات کم کرنی ہیں تو انہیں انسانی ورک فورس کے طور پر اہمیت دینا ہوگی۔ جہاز رانوں کو بنیادی ورکرز قرار دیا جائے تاکہ ان کی رسائی اور انخلاء بلا تاخیر ہوسکے۔ ان کی ویکسینیشن بھی ترجیحی بنیادوں پر کی جائے۔ پاک بحریہ عالمی بحری راستوں پر تجارتی جہاز چلانے والوں کی اہمیت سے بخوبی واقف ہے۔
یہ بھی پڑھیں: معاشی ترقی کیلئے سمندری وسائل سے استفادہ ناگزیر ہے۔محمود مولوی