راولپنڈی: پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں جاری نیشنل ٹی ٹونٹی کے چھٹے میچ میں جی ایف ایس سندھ نے لو اسکورنگ میچ میں ناردرن کو 4 وکٹوں سے ہرا کر ٹورنامنٹ میں مسلسل دوسری کامیابی حاصل کرلی ہے۔
کپتان سرفراز احمد کو 42 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلنے پر پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔
جی ایف ایس سندھ نے 137 رنز کا مطلوبہ ہدف انیس اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں سندھ کی ابتدائی تین وکٹیں محض 36 کے مجموعی اسکور پر گر گئیں تھیں تاہم اوپنر شرجیل خان نے کریز کے ایک اینڈ سے رنز بنانے کا سلسلہ جاری رکھا۔
انہوں نے 25 گیندوں پر 7 چوکوں اور ایک چھکے کی بدولت 43 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر سندھ کی جیت کی بنیاد رکھی۔ انہوں نے کپتان سرفراز احمد کے ساتھ مل کر چوتھی وکٹ کے لیے 37 رنز بھی جوڑے۔
کپتان سرفراز احمد نے 42 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ ان کی اننگز میں 5 چوکے شامل تھے۔ انہوں نے نائب کپتان انور علی کے ہمراہ چھٹی وکٹ کے لیے 45 رنز کی اہم شراکت بھی قائم کی۔ انور علی 31 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ اس دوران دانش عزیز پانچ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
ناردرن کے عماد وسیم اور حارث رؤف نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ سہیل تنویر نے ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل ناردرن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو اس کی پوری ٹیم 19.3 اوورز میں 136 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
عمر امین اور ذیشان ملک پر مشتمل ناردرن کی اوپننگ جوڑی نے جارحانہ انداز اپنایا تاہم عمر امین 3 چوکوں اور ذیشان ملک 2 چوکوں کی مدد سے بالترتیب 18 اور 11 رنز بناکر آؤٹ ہوئے تو حیدر علی بھی زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکے اور محض 8 کے انفرادی اسکور پر پویلین واپس لوٹ گئے۔
ایسے میں محمد نواز نے ناردرن کی کمان سنبھالی اور آہستہ آہستہ رنز بنانے کا سلسلہ جاری رکھا مگر انہیں دوسرے اینڈ سے خاطر خواہ سپورٹ نہ مل سکی، جس کی وجہ سے ناردرن کی مضبوط بیٹنگ لائن اپ بھی اسکور بورڈ پر بڑا مجموعہ نہ سجا سکی۔
کپتان شاداب خان 7، آصف علی 10، عماد وسیم 18 اور سہیل تنویر صفر پر آؤٹ ہوئے۔ محمد نواز بھی 30 کے انفرادی اسکور پر اسٹمپ آؤٹ ہوگئے۔
اس موقع پردسویں نمبر پر میدان میں اترنے والے حارث رؤف نے9 گیندوں پر 2چھکوں اور ایک چوکے کی بدولت 19 رنز بناکر ٹیم کا مجموعہ 136 تک پہنچانے میں مدد کی۔ انہوں نے آٹھویں وکٹ کے لیے وکٹ کیپر بلے باز روحیل نذیر کے ہمراہ 28 قیمتی رنز جوڑے۔ روحیل نذیر 9 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
سندھ کے شاہنواز دھانی نے 26 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں۔ زاہد محمود اور محمد حسنین نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
یہ بھی پڑھیں : حکومت آئی ایم ایف کے بجٹ کے مطابق عمل کررہی ہے، شہباز شریف