ماحولیاتی تبدیلیوں کے باعث پاکستان کو 3ارب 80کروڑ ڈالر کا خسارہ ہوا۔وزیرخارجہ

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

ماحولیاتی تبدیلیوں کے باعث پاکستان کو 3ارب 80کروڑ ڈالر کا خسارہ ہوا۔وزیرخارجہ
ماحولیاتی تبدیلیوں کے باعث پاکستان کو 3ارب 80کروڑ ڈالر کا خسارہ ہوا۔وزیرخارجہ

نیو یارک: وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ 2000 سے اب تک ماحولیاتی تبدیلیوں کے باعث  پاکستان کو 3 ارب 80 کروڑ ڈالر کا بھاری بھرکم خسارہ برداشت کرنا پڑا اور ہمارے 9 ہزار 989 ہم وطن جاں بحق ہوئے۔

تفصیلات کے مطابق اقوامِ متحدہ کے ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ گلیشیئرز پگھل جانے کے باعث پاکستان کے شمالی علاقہ جات میں نئی جھیلیں جنم لے رہی ہیں جبکہ گلیشیئرز ملک بھر میں پانی کی سپلائی کیلئے اہم ذریعہ تھے۔

اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کے دوران وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ گلیشیئرز کا پگھلنا ملک بھر میں زرعی شعبے کی بربادی، پینے کے پانی اور پن بجلی کی قلت اور پریشان کن موسمیاتی تبدیلیوں کا باعث بن رہا ہے۔ عالمی طاقتوں کو ماحولیاتی مسائل کے حل کیلئے 100 ارب ڈالر دینا ہوں گے۔

اجلاس سے خطاب کے دوران وزیرِخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک کے 100 ارب ڈالر سالانہ دینے سے ماحولیاتی مسائل پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔عالمی برادری کو موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کیلئے سنجیدہ حکمتِ عملی اپنانا ہوگی تاکہ زمین تباہی و بربادی سے بچ سکے۔ 

خیال رہے کہ اِس سے قبل برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے  بلین ٹری سونامی سے متعلق اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ماحول کی بہتری کیلئے تمام ممالک کو پاکستان کی پیروی کرنا ہوگی۔

 برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم ماحول کی بہتری کیلئے برطانیہ میں درخت لگانے کا منصوبہ شروع کریں گے جبکہ وزیر اعظم عمران خان نے اپنے ملک میں 10 ارب درخت لگانے کا منصوبہ (بلین ٹری سونامی) شروع کیا۔

مزید پڑھیں: ماحول کی بہتری کیلئے تمام ممالک کو پاکستان کی پیروی کرنا ہوگی۔بورس جانسن

Related Posts