راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نےائیر ہیڈ کوارٹر اسلام آباد کا دورہ کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ائیر ہیڈ کوارٹر کے دورے پر آرمی چیف کو پاکستان ائیر فورس کے آپریشنل معاملات پر بریفنگ دی گئی اور ائیر چیف نے جنرل قمر جاوید باجوہ کو پاک فضائیہ کے جاری منصوبوں سے متعلق آگاہ کیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پی اے ایف کی ملک کے لیے قربانیوں اور قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں کی ہر ممکن حمایت کو سراہا جبکہ آرمی چیف نے پی اے ایف کے انسانی امداد کی فراہمی اور افغانستان سے حالیہ انخلاء کی کارروائیوں کو آسان بنانے میں کردار کو بھی سراہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دورے کے دوران باہمی پیشہ ورانہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ ایئر چیف نے پی اے ایف کی جانب سے جاری مختلف منصوبوں پر روشنی ڈالی۔
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد دورے کے دوران آرمی چیف نے پی اے ایف کی آپریشنل تیاریوں کی تعریف کی اور ہر سطح پر ان کے جزبے کو بھی سراہا۔
یہ بھی پڑھیں : حکومت کا آزادی صحافت پر قدغن لگانے کا کوئی ارادہ نہیں، سینیٹر فیصل جاوید