اسلام آباد :سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ جس ملک میں میڈیا کو پابند کرنے کیلئے قانون بنائے جائیں دنیا اس کے بارے میں کیا کہے گی،صدر کا کام حقائق عوام کے سامنے رکھنا ہوتا ہے نہ کہ وزیراعظم کی تعریفیں کریں۔
سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ نیب وہ ادارہ ہے جو خود قابل احتساب ہے، آپ دیکھ لیں کہ ملک کا وزیر خزانہ کیا کہہ رہا ہے،جو ٹرمینل لگانے پر ہمارے خلاف کیس چلا اس سے پاکستان 33 فیصد زیادہ فائدہ اٹھا سکتا تھا،اس کیس کی وجہ سے وہ فائدہ پاکستان کو نہیں مل سکا۔
شاہد خاقان نے کہاکہ چیئرمین نیب کی عمر 76 سال ہو چکی تاہم حکومت کیلئے ان کی کارکردگی اچھی ہے،حکومت اسی لیے ان سے 80 سال تک کام لینا چاہتی ہے،چیئرمین نیب سے متعلق اپوزیشن لیڈر سے کوئی مشاورت نہیں ہوئی،جس ملک میں میڈیا کو پابند کرنے کیلئے قانون بنائے جائیں دنیا اس کے بارے میں کیا کہے گی۔
انہوں نے کہاکہ تازہ ترین اسکینڈل ملک میں گندم کا ہے،حکومت سے متعلق نیب نے خاموشی کا روزہ رکھا ہوا ہے،ایک دن یہ حقائق سامنے آئیں گے کہ نیب کیوں خاموش تھا؟۔
مزید پڑھیں:امجد رفیع کاترکی کے ساتھ براہ راست زمینی تجا رتی راستہ کھولنے کا خیر مقدم