کراچی: سندھ حکومت نے کراچی سے موٹر سائیکل وہیکل ٹیکس کی مد میں ڈیڑھ ارب روپے کی خطیر رقم اکٹھی کر لی ہے۔
محکمۂ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سندھ نے موٹر سائیکل وہیکل ٹیکس وصولی کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا کہ کراچی سے ٹیکس وصولی کی مد میں 1 ارب 50 کروڑ 91 لاکھ 12 ہزار روپے اکٹھے کیے گئے ہیں۔
ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے مطابق حیدر آباد سے 6 کروڑ 49 لاکھ 73 ہزار، سکھر سے 2 کروڑ 67 لاکھ 85 ہزار، شہید بے نظیر آباد سے 1 کروڑ 4 لاکھ 36 ہزار جبکہ لاڑکانہ سے 1 کروڑ 57لاکھ 94 ہزار ٹیکس وصول کیا گیا
موٹر سائیکل وہیکل کی مد میں میر پور خاص سے 90 لاکھ 36 ہزار روپے ٹیکس وصول کیا گیا۔ صوبائی وزیر ایکسائز و ٹیکسیشن مکیش کمار چاؤلہ کا کہنا ہے کہ موٹر وہیکل ٹیکس نادہندگان فوری ٹیکس جمع کرائیں۔
ٹیکس آن لائن بھی جمع کرایا جاسکتا ہے۔ وزیرِ ٹیکسیشن سندھ مکیش کمار چاؤلہ نے کہا کہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے دفاتر میں ٹیکس جمع کرانے والوں کی رہنمائی کیلئے عملہ موجود ہے۔ جلد روڈ چیکنگ مہم شروع کریں گے
صوبائی وزیر مکیش کمار چاؤلہ نے کہا کہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کیلئے گاڑیوں کے مالکان اپنے ٹیکس بر وقت جمع کرائیں۔ روڈ چیکنگ مہم کے دوران ٹیکس جمع نہ کرانے والوں کو پریشانی ہوسکتی ہے۔
خیال رہے کہ اِس سے قبل سندھ حکومت نے کراچی کے شہریوں سے بلدیاتی ٹیکس وصولی کے لیے کے الیکٹرک کی خدمات لینے کا فیصلہ کیا جسے پی ٹی آئی کی وفاقی حکومت نے شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت 6 روز قبل کے الیکٹرک اور کراچی میونسپل کارپوریشن کے حکام کا اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب نے بھی شرکت کی۔
مزید پڑھیں: عوام سے ٹیکس وصولی کیلئے کے الیکٹرک کی خدمات لینے کا فیصلہ