پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ حرا سومرو محرم الحرام میں ڈھولکی تقریب رکھنے پر فنکار جوڑی منال خان اور احسن محسن اکرام سے ناراض ہوگئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق رواں ہفتے شادی کے بندھن میں بندھنے والے احسن محسن اکرام اور منال خان نے ڈھولکی کی تقریب محرم الحرام کے دوران رکھی۔ ڈرامہ سیریل چپے چپکے میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی حرا سومرو نے اس پر ناراضی کا اظہار کیا ہے۔
فوٹو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اپنے پیغام میں اداکارہ حرا سومرو نے ڈھولکی کی تقریب میں رقص و سرود کی محفل سجانے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر میں غلطی پر ہوں تو معذرت، تاہم حکومت کو محرم میں ناچ گانے پر پابندی لگادینی چاہئے۔
انسٹاگرام پیغام میں اداکارہ حرا سومرو نے مزید کہا کہ لوگ ٹک ٹاک ویڈیوز بنا رہے ہیں، اچھل اچھل کر بھڑکیلے لباسوں میں ویڈیوز بن رہی ہں۔ اگر آپ کے گھر کسی کا انتقال ہوا ہوتا تو کیا آپ پھر بھی یہی سب کچھ کرتے؟
دوسری جانب احسن محسن اکرام اور منال خان زندگی کے نئے سفر کا آغاز کرنے والے ہیں۔ مئی اور جون کے دوران فنکار جوڑے کی بات پکی اور منگنی کی تقریبات منعقد ہوچکی ہیں جن کی ڈھولکی کی تقریب بھی منعقد ہوئی۔
سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں گزشتہ ہفتے ہی احسن محسن اکرم اور منال خان نے اپنی شادی کی تاریخ بتاتے ہوئے شادی کارڈ بھی مداحوں کے ساتھ شیئر کردیا۔ منال کا احسن محسن اکرام سے کہنا تھا کہ تم اچانک میری زندگی میں کیسے آئے؟ اور اب ہمیشہ رہنے والے ہو۔
یہ بھی پڑھیں: اُشنا شاہ کا پاکستان کو خواتین کیلئے محفوظ بنانے کے اقدامات کا مطالبہ