اسلام آباد: پاکستان کی زیرِ صدارت افغانستان کے ہمسایہ ممالک کا وزرائے خارجہ اجلاس آج ہوگا جس میں خطے کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا اور اہم فیصلے کیے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی کی زیرِ صدارت ہمسایہ ممالک کے وزرائے خارجہ اجلاس میں افغانستان کی صورتحال پر گفت و شنید اور تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔
ورچؤل اجلاس میں چین، ایران، تاجکستان، ترکمانستان اور ازبکستان کے وزرائے خارجہ شریک ہوں گے۔ اجلاس کے دوران علاقائی استحکام و خوشحالی سے متعلق اقدامات زیرِ غور آئیں گے۔
ترجمان دفترِ خارجہ کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ورچؤل اجلاس سے ہمسایہ ممالک کو افغانستان میں بدلتی صورتحال کے پیشِ نظر ایک ساتھ کام کا موقع میسر آئے گا۔
دفترِخارجہ کے بیان کے مطابق ہمسایہ ممالک پر امن اور مستحکم افغانستان کا مشترکہ مقصد سامنے رکھتے ہوئے اقدامات اٹھائیں گے۔ معاشی روابط کے ایجنڈے کو عملی شکل بھی دی جائے گی۔
اجلاس میں آج سے 3 روز قبل خصوصی نمائندوں کی سطح پر ہونے والی گفت و شنید آگے بڑھائی جائے گی جبکہ دفترِ خارجہ کا کہنا ہے کہ افغانستان کا استحکام ہر ہمسایہ ملک کے مفاد میں ہے۔
خیال رہے کہ اِس سے قبل وزیر خارجہ نے کہا کہ افغان امن و استحکام سے پورا خطہ مستفید ہو گا، افغانستان کواگر تنہا چھوڑا گیا تو اس کا نقصان سب کو ہوگا۔
گزشتہ ماہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ افغانستان کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے ہمسایہ ممالک پوری طرح باخبر ہیں۔
مزید پڑھیں: افغانستان کی صورتحال بگڑی تو سب متاثر ہوں گے، وزیر خارجہ