کراچی:سندھ میں طلبہ و طالبات کو کرونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین لگانے کی مہم روک دی گئی ہے۔محکمہ تعلیم سندھ کی جانب سے طلبہ کا ڈیٹا محکمہ صحت کو فراہم نہ کئے جانے پر کرونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین شروع نہیں ہوسکی۔
محکمہ صحت سندھ کا موقف ہے کہ والدین کا اجازت نامہ ہو تو ویکسین لگائی جائے۔ محکمہ صحت سندھ کے مطابق طلبہ کی ویکسین کے لیے بے فارم اور این او سی کا ہونا لازمی ہے۔ 17 سال سے کم عمر بچوں کو ویکسین دینے کے حوالے سے این سی او سی نے کوئی واضح پالیسی نہیں دی ہے۔
دوسری جانب واضح رہے اس سے قبل وزیرتعلیم سندھ سردار شاہ نے کہا تھا کہ اسکولز کی بندش سے بچنے کے لئے نویں سے بارہویں کے تمام طلبہ کی ویکسینیشن کرنا ہوگی، دنیا بھر کے ترقی یافتہ ممالک میں ویکسینیشن سے زندگی معمول پر آئی ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ نجی اسکولز کو سندھ حکومت کی مقرر کردہ تنخواہ اساتذہ کو دینا ہوگی، اسکولز کو لیٹ فیس پر بچوں کو اسکول سے نکالنے نہیں دوں گا، تمام نجی اسکولز والوں کو قانون کے مطابق 10 فیصد بچوں کو مفت تعلیم دینا ہوگی۔
مزید پڑھیں:سندھ حکومت کا تمام اسکولز میں ویکسینیشن مہم شروع کرنے کا فیصلہ