کراچی میں گزشتہ 2 روز سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، آج بھی ہلکی پھلکی بوندا باندی کا امکان ہے، پانی جمع ہونے سے ملیر ندی بھر گئی جبکہ 2 روز میں کرنٹ لگنے کے باعث 6 افراد جاں بحق ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں بارش نے سندھ حکومت کی کارکردگی بے نقاب کردی۔ بارش کے پانی سے ملیر سندی بھر گئی جس سے پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہورہا ہے۔ ولایت شاہ سے مرتضیٰ چورنگی جانے والی سڑک زیرِ آب آگئی۔
شہرِ قائد کے علاقے میمن گوٹھ میں بھی پانی کے ذخائر بھر گئے۔ گلشنِ حدید میں سب سے زیادہ 75 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ شہر کی متعدد سڑکوں پر اب بھی پانی موجود ہے جسے نکالنے کیلئے شہری انتظامیہ متحرک ہے۔
گزشتہ 2 روز کی بارش کے باعث جگہ جگہ پانی جمع ہونے سے شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا ہے۔ 2 روز میں کرنٹ لگنے سے 2 کمسن بچیوں سمیت 6 افراد جاں بحق ہو گئے جن کے گھروں میں صفِ ماتم بچھ گئی ہے۔
محکمۂ موسمیات کا کہنا تھا کہ 4 ستمبر کو دوپہر یا شام کے وقت مون سون سسٹم کراچی سے نکل جائے گا تاہم کراچی کے متعدد علاقوں میں گزشتہ روز تیز بارش ہوئی اور آج بھی بوندا باندی کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز بھی کراچی میں موسلا دھار بارش سے جگہ جگہ پانی کھڑا ہوگیا جس سے آمدورفت میں مسائل کا سامنا رہا، مختلف علاقوں میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے باعث شہری مشکلات کا شکار رہے۔
آج سے 2 روز قبل کراچی کے اکثر علاقوں میں موسلا دھار بارش ہوئی جس کا پانی گزشتہ روز تک جمع رہنے سے ٹرانسپورٹ کی روانی بری طرح متاثر ہوئی۔ لوڈ شیڈنگ کے باعث تعلیمی اداروں اور دفاتر کا رخ کرنے والوں کو مسائل کا سامنا رہا۔
مزید پڑھیں: بارش سے جگہ جگہ پانی کھڑا ہوگیا، مختلف علاقوں میں لوڈ شیڈنگ