کشمیر کے حوالے سے اپنے الفاظ واپس نہیں لوں گا، ملائیشین وزیراعظم کا اعلان

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

Mahatir Muhammad
کشمیر کے حوالے سے اپنے الفاظ واپس نہیں لوں گا، ملائیشین وزیراعظم

کوالالمپور : ملائیشیا کے وزیر اعظم مہاتیر محمد نے کہا ہے کہ بھارتی تاجروں کی طرف سے ملائیشیائی پام آئل کے بائیکاٹ کے باوجود وہ متنازعہ کشمیر میں بھارتی اقدامات کے حوالے سے اپنے الفاظ واپس نہیں لیں گے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ملائیشیا کے وزیر اعظم مہاتیر محمد بھارتی تاجروں کی طرف سے ملائیشیا سے پام آئل کی درآمد کے بائیکاٹ کو ایک تجارتی جنگ سے تشبیہ دے چکے ہیں۔

خیال رہے کہ ملائیشیا پام آئل پیدا کرنے والا دنیا کا دوسرا سب سے بڑا ملک ہے جبکہ بھارت اس تیل کا سب سے بڑا خریدار۔ویجیٹبل آئل یا خوردنی تیل کی تجارت کرنے والوں کی سب سے بڑی بھارتی تنظیم نے اکتوبر کو اپنے ارکان پر زور دیا تھا کہ وہ ملائیشیا سے پام آئل کی خرید کا سلسلہ روک دیں۔

یہ اقدام ملائیشیا کے وزیر اعظم مہاتیر محمد کی طرف سے گزشتہ ماہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کے دوران بھارت کے حوالے سے ان کے الفاظ کے خلاف احتجاج کے طور پر کیا جا رہا ہے۔ مہاتیر محمد نے کہا تھا کہ بھارت نے متنازعہ علاقے کشمیر میں حملہ کر کے اس پر قبضہ کر رکھا ہے۔

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت نے رواں برس پانچ اگست کو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کرتے ہوئے اسے وفاق کے زیر انتظام ایک علاقہ قرار دیا تھا۔ بھارت کشمیر کو ملک کا داخلی معاملہ قرار دیتا ہے اور اس پر دیگر ممالک کی طرف سے دئیے گئے بیانات کی سخت مخالفت کرتا ہے۔

ملائیشیا کے وزیر اعظم مہاتیر محمد نے ملکی پارلیمان کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ہم اپنے ذہن سے بات کرتے ہیں اور ہم اپنی بات سے پھرتے نہیں یا اسے واپس نہیں لیتے۔ مہاتیر محمد کا مزید کہنا تھاکہ ہم جو کہہ رہے ہیں وہ یہ ہے کہ ہم سب کو اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل کرنا چاہیے، ورنہ اقوام متحدہ کا کیا فائدہ؟اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل 1948 اور 1950 میں مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے کئی قراردیں منظور کر چکی ہے۔

ان میں یہ قرارداد بھی شامل ہے جس میں اس خطے کے عوام کو حق خود ارادیت دینے کی بات بھی کی گئی ہے تاکہ وہ اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کر سکیں۔بھارتی تجارتی تنظیم کی طرف سے ملائیشیا کے پام آئل کی درآمد کے بائیکاٹ کے معاملے پر نئی دہلی حکومت کی طرف سے فی الحال کوئی رد عمل سامنے نہیں آیا۔

Related Posts