ڈرامہ سیریل ڈنک کے خوبصورت اختتام کے بعد عزیکا ڈینیل اور ثنا جاوید کے اختلافات سامنے آگئے ہیں۔ سوشل میڈیا پر دونوں اداکاراؤں کی ایک دوسرے سے نفرت کے چرچے ہیں۔
آج سے 2 روز قبل ختم ہونے والے ڈرامہ سیریل ڈنک میں بلال عباس کی اہلیہ کا کردار ادا کرنے والی عزیکا ڈینیل نے ڈرامے کی کاسٹ پر مشتمل تصاویر شیئر کرنا شروع کردیں جن میں تمام کاسٹ تو موجود ہے، تاہم ثنا جاوید کہیں نہیں۔
فوٹو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹا گرام پر اپنی ایک پوسٹ میں اداکارہ عزیکا ڈینیل نے کہا کہ ڈنک ایک سچی کہانی سے متاثر ہو کر پیش کیا گیا ڈرامہ ہے جو کہانی کے دوسرے رخ کا تعین کرتا ہے۔ آخر کار یہ سفر اپنی آخری قسط سے اختتام کو پہنچا۔
اپنی پوسٹ میں اداکارہ عزیکا ڈینیل نے مزید کہا کہ میں امید کرتی ہوں کہ تمام ناظرین کی ہم سے کی گئی امیدیں پوری ہوئی ہوں گی جنہوں نے ہمیں تعریف و توصیف اور محبت سے نوازا۔ ڈرامے کی کاسٹ اور عملے کو ہمیشہ یاد کروں گی۔
اداکارہ عزیکا ڈینیل نے کہا کہ تمام اداکاروں اور کاسٹ نے ہمیں بہتر سے بہتر کام کرنے پر اکسایا۔ امید ہے کہ ڈنک کا پیغام عوام تک پہنچ گیا ہوگا۔ تاہم ایک سوشل میڈیا صارف نے عزیکا ڈینیل کو سائیڈ ایکٹریس کہہ کر اداکارہ کو غصہ دلا دیا۔
مذکورہ سوشل میڈیا صارف کا کہنا تھا کہ آپ نے جان بوجھ کر ثنا جاوید کی تصویر شیئر نہیں کی جس پر عزیکا نے کہا کہ آپ کی اطلاع کیلئے عرض ہے کہ کچھ لوگ دوسروں کو اپنی تصاویر اور ویڈیوز کا حصہ بنانے کے قابل نہیں سمجھتے۔
بدر محمود کی ہدایات کے تحت بنائے گئے ڈرامہ سیریل ڈنک کی اداکارہ نے سوشل میڈیا صارف کو جواب دیتے ہوئے مزید کہا کہ اپنی نفرت خود تک محدود رکھئے۔ اگر آپ پس منظر کی کہانی نہیں جانتے، تو منہ بند رکھیں۔
ڈرامہ سیریل ڈنک کی کہانی جھوٹے الزامات اور تعلیمی ادارے میں جنسی ہراسگی کے موضوعات کے گرد گھومتی ہے جس میں ایک پروفیسر اور الزام لگانے والی طالبہ کے کرداروں کو اہم اور مرکزی دکھایا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مداحوں کے دل جیتنے کے بعد ڈرامہ سیریل ڈنک کا خوبصورت اختتام