پاکستانی شوبز انڈسٹری کی اسکینڈل کوئین نے جیولن تھرو میں پاکستان کیلئے گولڈ میڈل لانے کی کوشش کرنے والے کھلاڑی کو کرکٹر قرار دے دیا، میرا نے کہا کہ ارشد ندیم نے پاکستان کیلئے اچھی کرکٹ کھیل کر وطن کا نام روشن کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اپنے حالیہ انٹرویو میں اداکارہ میرا نے کہا کہ ارشد ندیم نے بہت اچھی کرکٹ کا مظاہرہ کیا جس میں ان کی محنت اور ایمانداری نظر آئی۔
اپنے انٹرویو میں اداکارہ میرا نے جیولن تھروور ارشد ندیم کو کرکٹ کا کھلاڑی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ارشد ندیم نے بہت ایمانداری سے کرکٹ کھیلی۔ حکومت کو ہیروز کی حوصلہ افزائی کرنا ہوگی۔
انٹرویو کے دوران اداکارہ میرا نے مزید کہا کہ حکومت فلم انڈسٹری سمیت دیگر شعبوں کے ہیروز اور ارشد ندیم سمیت کرکٹ کے ہیروز کی حوصلہ افزائی کرنی چاہئے جو پاکستان کیلئے کھیلتے ہیں۔
آج سے 5 روز قبل قومی ہیرو ارشد ندیم نے جیولن تھرو ایونٹ کے فائنل مرحلے میں گولڈ میڈل راؤنڈ کیلئے کوالیفائی کرکے قوم کے دل جیت لیے تھے، ٹوکیو اولمپکس میں ان کا کھیل بے حد سراہا گیا۔
خیال رہے کہ اِس سے قبل نادیہ خان نے میرا سے ملاقاتوں سے متعلق اہم انکشافات کردیئے، میرا کے علی ظفر کے ساتھ اسکینڈل بنانے پر اصرار سے متعلق بھی راز کھول دیئے۔
اداکارہ نادیہ خان کا فضاء علی کے شو میں شرکت کے موقع پر لیا گیا ایک انٹرویو کلپ گزشتہ ماہ سوشل میڈیا پر وائرل ہوا جس میں میزبان نے نادیہ خان سے سوال کیا کہ میرا جی سے متعلق کچھ بتائیے جو آپ کے شو کیلئے آئیں لیکن اسٹوڈیو تک نہیں آئیں اور شور شرابہ کرنے کے بعدو اپس چلی گئیں؟
مزید پڑھیں: اداکارہ میرا کا اسکینڈل بنانے پر اصرار، نادیہ خان نے بھید کھول دیا