مظفر آباد: کشمیر پریمیئر لیگ کے افتتاحی میچ میں میرپور رائلز کی ٹیم راولا کوٹ ہاکس سے 43 رنز سے شکست کھا گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر میں واقع پاکستان کے سب سے خوبصورت مظفر آباد اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں میرپور رائلز نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور راولا کوٹ نے بیٹنگ شروع کی۔
بسم اللہ خان اور احمد شہزاد نے اوپننگ بیٹسمین کی حیثیت سے اپنی ٹیم کیلئے 59 اور 69 رنز بنائے اور جارحانہ اننگز کھیلتے ہوئے بڑا اسکور کرنے کیلئے اچھی بنیاد فراہم کی۔
https://twitter.com/kpl_20/status/1423741252428828682
رات گئے کھیلے گئے میچ میں راولا کوٹ کی ٹیم کا اسکور 200 سے زائد ہونے کی توقع تھی تاہم اوپنرز کے بعد دیگر کھلاڑی زیادہ جارحانہ کھیل پیش نہ کرسکے جس کے باعث ٹیم 20 اوورز میں 6 کھلاڑیوں کے نقصان پر 194 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی جو راولا کوٹ ہاکس کی قیادت کررہے تھے، 5 گیندوں پر 16 رنز بنا کر بولڈ ہوگئے ، جس کے نتیجے میں شائقین کی امیدیں پوری نہ ہوسکیں۔
https://twitter.com/kpl_20/status/1423741591164968962
راولا کوٹ کے مقابلے میں میر پور کے کھلاڑیوں نے اچھی بالنگ کا مظاہرہ کیا۔ عماد بٹ نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ سلمان ارشاد 2 اور خوشدل شاہ 1 کھلاڑی کو آؤٹ کرکے نمایاں رہے۔
میر پور رائلز کی طرف سے کھیل کا آغاز غیر متوقع طور پر مایوس کن رہا۔ اوپنر ابتسام الحق اور محمد طٰہٰ ٹیم کے مجموعی اسکور میں 1 بھی رن کا اضافہ کیے بغیر پویلین لوٹ گئے۔
https://twitter.com/kpl_20/status/1423741812389318656
رائلز کے کپتان اور قومی کرکٹ ٹیم کے سابق بیٹسمین شعیب ملک نے 50 گیندوں پر 74 رنز بنا کر ٹیم کو جتوانے کی سرتوڑ کوشش کی، تاہم میرپور کے دیگر کھلاڑی ایک ایک کرکے آؤٹ ہوتے رہے۔
کھلاڑیوں کے مسلسل آؤٹ ہونے کے ساتھ ساتھ رنز بنانے کی رفتار بھی سست رہی۔ صرف 3 کھلاڑیوں کے اسکور 9 سے زائد رہے، بقیہ تمام کھلاڑی یک ہندسی اسکور پر آؤٹ ہو گئے۔
مجموعی طور پر میرپور رائلز نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 151 رنز بنائے جس کے نتیجے میں راولا کوٹ ہاکس کی ٹیم افتتاحی میچ میں 43 رنز کے نمایاں فرق سے میچ جیت گئی۔
راولا کوٹ کے بالرز میں سے زمان خان، شاہد آفریدی اور آصف آفریدی 2، 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھا کر نمایاں رہے جبکہ وقاص مقصود اور عثمان شنواری نے 1، 1 وکٹ لی۔ بسم اللہ خان کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: کامران اکمل مظفرآباد اسٹیڈیم کی خوبصورتی کے گن گانے لگے