اسلام آباد : پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ مسئلہ کشمیر صرف رائے شماری کے ذریعے ہی حل ہوگا، بھارت کا مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کا اقدام متنازعہ یکطرفہ اور غیر قانونی ہے۔
یومِ استحصالِ کشمیر پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہاکہ یہ اقدام کشمیریوں کی تحریکِ آزادی کو دبانے کی ناکام کوشش ہے،مودی حکومت کے اقدامات صرف مقبوضہ وادی اور اس کے پرامن عوام پر حملہ نہیں بلکہ یہ اقدام بقائے باہمی کے اصولوں و فلسفے، جمہوری اقدار اور انسانیت پر بھی حملہ ہے۔
انہوں نے کہاکہ قابض بھارتی فوج کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کے محاصرے کو انسانی تاریخ میں ہمیشہ ایک سیاہ باب کے طور پر یاد کھاجائیگا۔ انہوں نے کہاکہ بدنامِ زمانہ آر ایس ایس کا وہ متعصبانہ نظریہ کامیاب نہیں ہوگا، فاشسٹ مودی جس کا پیروکار ہے،مسئلہ کشمیر صرف رائے شماری کے ذریعے ہی حل ہوگا۔
انہوں نے کہاکہ افغانستان میں بدلتے حالات کے پیشِ نظر تنازعہِ کشمیر کو حل کرنا ضروری ہے تاکہ یہ خطہ انارکی کے شعلوں کی لپیٹ میں آنے سے محفوظ رہے۔ انہوں نے کہاکہ عالمی برادری کو بھی اب جاگ جانا چاہیے اور حالات کے مطابق اقدامات اٹھانے چاہئیں۔
مزید پڑھیں:مظلوم کشمیریوں سے اظہارِ یکجہتی کیلئے ریلی، صدرِ مملکت، وفاقی وزراء شریک