کراچی:قائد حزب اختلاف سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے وزیراعلیٰ سندھ کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مراد علی شاہ اپنی چھوڑی ہوئی کینیڈین شہریت بحال کرانے کی کوشش کررہے ہیں۔
وہ آئندہ انتخابات سے قبل ملک سے بھاک جائیں گے۔پیپلزپارٹی نے کشمیر کے الیکشن میں سندھ کے عوام کا پیسہ اڑایا ہے۔ سندھ میں آئینی طریقے سے تبدیلی لائیں گے،کوئی گورنر راج نہیں لگایا جائے گا۔
وہ منگل کو سندھ اسمبلی میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ان کے ہمراہ شاہنواز جدون اور دیگر پارٹی رہنما بھی موجود تھے۔حلیم عادل شیخ نے کہا کہ 1997 میں پی ٹی آئی کے پاس کوئی سیٹ نہیں تھی۔
2002 میں پی ٹی آئی کے پاس ایک سیٹ تھی،2008 میں پی ٹی آئی نے الیکشن مہم کا بائیکاٹ کر دیا تھا،2013 میں کے پی کے میں پی ٹی آئی کی حکومت بنی،دوبارہ 2018 میں کے پی کے پنجاب اور وفاق میں پی ٹی آئی کی حکومت آئی۔
2020 میں گلگت بلتستان اور 2021 میں کشمیر میں حکومت بننے جارہی ہے اب سندھ میں حکومت پی ٹی آئی کی بنے گی،اب آئندہ الیکشن میں پورے پاکستان میں پی ٹی آئی کی حکومت ہوگی،سندھ میں تبدیلی ناگریز ہوچکی ہے عوام کو بنیادی سہولیات تک میسر نہیں ہیں۔
سندھ میں آئینی طریقے سے تبدیلی لائیں گے کوئی گورنر راج وغیر نہیں لگائیں گے۔ کشمیر الیکشن میں دیکھنے گیا تھا سندھ کا پیسہ چوری ہوکر کہاں خرچ ہوا،سندھ کے روڈوں، کتابوں، گٹروں کی صفائی، دوائیوں، زکوات کا چوری شدہ پیسہ کہاں خرچ ہوا۔
پیپلزپارٹی نے کشمیر الیکشن میں سندھ کے عوام کا پیسہ اڑایا ہے، دس دس کروڑ روپے پیپلزپارٹی نے اپنے امیدواروں میں بانٹے ہیں،کشمیر میں پیپلزپارٹی کے جھنڈے بکھرے پڑے دیکھے تھے۔
سندھ کا پیسہ لوٹ کر پیپلزپارٹی نے کشمیر کا الیکشن لڑا، سندھ کے سرکاری جہاز میں بیگ بھر کے پیسہ کشمیر میں بھیجا گیا،عوام نے پھر بھی ن لیگ اور پی پی کو مسترد کر دیا ہے۔
مزید پڑھیں: سندھ ہائیکورٹ نے اثاثوں سے متعلق کیس میں خورشید شاہ کی درخواست ضمانت مسترد کردی