کراچی: وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر برائے تعلیمی بورڈ نثار کھوڑو نے میٹرک کے امتحانات میں نقل اور پرچہ آؤٹ ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے امتحانی عملے کے موبائل فون اور انٹرنیٹ ڈیوائس استعمال کرنے پر پابندی لگادی ہے۔
تعلیمی بورڈ کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق نثار کھوڑو کا کہنا ہے کہ دوران امتحان انویجی لیٹرز اور بورڈ کا عملہ موبائل فون اور نیٹ ڈیوائس استعمال نہیں کرسکے گا۔
اس حوالے سے نثار کھوڑو نے کہاکہ طلبہ اور طالبات پر بھی امتحان کے دوران موبائل لانے پر پابندی ہوگی۔ انتظامیہ امتحانی مراکز پر طلبہ و طالبات اور عملےکی بھی تلاشی لے، امتحانی مرکز کے اندر سے ملے موبائل فون کو ضبط کرلیا جائے۔
وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر برائے تعلیمی بورڈ نے مزید کہا کہ واٹس ایپ پر پرچہ آؤٹ ہونے کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ انتظامیہ اور پولیس امتحانی مراکز کی حدود میں دفعہ 144 پر سختی سے عمل کرائے۔