کراچی: میٹرک بورڈ نے نویں اور دسویں جماعت کے امتحانی فارمز جمع کرانے کی تاریخ میں ایک بار پھر توسیع کردی ہے جو کل تک جمع کرائے جاسکیں گے۔
تفصیلات کے مطابق ثانوی تعلیمی بورڈکراچی کے چیئرمین پروفیسر سید شرف علی شاہ نے ایک بار پھر جماعت نہم و دہم کے سائنس وجنرل گروپ میں شامل ریگولر اور پرائیویٹ طلبہ و طالبات کے سالانہ امتحانی فارم جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کردی۔
امتحانی فارم جمع کرانے کی تاریخ میں 2 جولائی تک توسیع کردی گئی ہے۔ چیئرمین میٹرک بورڈ نے کہا کہ ایسے امیدوار جو اپنے والدین کے مالی وسائل یا کسی بھی وجہ سے اب تک امتحانی فارم جمع نہیں کرا سکے، 2 جولائی تک فارم جمع کرادیں۔
چیئرمین میٹرک بورڈ نے کہا کہ طلبہ امتحانی فارم جمع کرانے سے محروم نہ رہ جائیں، اس لیے ان کو سہولت فراہم کرنے کیلئے2 دن کی توسیع دی جا رہی ہے۔ بورڈ سے الحاق شدہ اسکول اور طلبہ و طالبات 2500 روپے لیٹ فیس کے ساتھ فارم جمع کرائیں۔
واضح رہے کہ نویں اور دسویں جماعتوں کے سالانہ امتحانات 5 جولائی سے شروع ہو رہے ہیں۔ اس لیے تمام طلبا و طالبات اور بورڈ سے الحاق شدہ اسکولز 2 جولائی تک فارم جمع کراسکتے ہیں۔ چیئرمین بورڈ کا کہنا ہے کہ تاریخ گزر جانے کے بعد فارمز قبول نہیں کیے جائیں گے۔
خیال رہے کہ اِس سے قبل چیئرمین میٹرک بورڈ سید شرف علی شاہ نے مبینہ طور پر سفارش کے بعد اسکولوں کے مالکان سے نویں و دسویں جماعت کی لیٹ فیسیں معاف کرنا شروع کردیں۔
گزشتہ روز ڈیفنس اور گلشنِ اقبال سمیت کراچی کے پوش علاقوں میں والدین سے بھاری بھرکم فیسیں وصول کرنے والے اسکول مالکان نے سیاسی و دیگر بااثر افراد کی سفارشوں کے ذریعے نویں و دسویں جماعت کی لیٹ فسیں معاف کرانے کا سلسلہ شروع کردیا۔
مزید پڑھیں: میٹرک بورڈ کے چیئرمین نے سفارش پر لیٹ فیسیں معاف کرنا شروع کردیں