کراچی کے علاقے گلشنِ معمار میں پی ٹی آئی رہنما عیسیٰ خان کی گاڑی پر فائرنگ ہوئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے نتیجے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق گلشن معمار میں نامعلوم مسلح افراد نے پی ٹی آئی رہنما کی گاڑی پر فائرنگ کی۔ کراچی پولیس کے مطابق فائرنگ سے پی ٹی آئی رہنما اور ان کا ڈرائیور محفوظ رہے۔
رواں مہینے کے دوران پی ٹی آئی رہنما پر ہونے والا یہ دوسرا قاتلانہ حملہ تھا، ایس ایس پی ویسٹ سہائے عزیز نے کہا کہ گاڑی پر 2 فائر باہر جبکہ ایک اندر سے ہوا۔
ایس ایس پی ویسٹ نے کہا کہ جائے وقوعہ سے پستول کا ایک خول مل چکا ہے۔ پستول کے خولوں اور گاڑی کو فارنزک معائنے کیلئے بھیج دیا گیا ہے۔ معاملے پر تفتیش جاری ہے۔
قبل ازیں 10 روز پہلے عیسیٰ خان کی گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں ان کی اہلیہ جاں بحق ہوگئی تھیں۔ نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے عیسیٰ خان کو زخمی کردیا تھا۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل شہر قائدمیں کالعدم دہشتگرد تنظیم کا سہولت کاری پر مبنی نیٹ ورک بے نقاب ہوگیا۔کیماڑی پولیس نے اتحاد ٹاؤن سے کالعدم تحریک طالبان کے کارندے کو گرفتار کرلیا، دہشت گردسوات میں مٹہ پولیس اسٹیشن پر حملے میں ملوث نکلا،دہشت گردکے قبضے سے آدھا کلو گرام بارودی مواد اوردستی بم برآمدہوا۔
پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے سوات میں پولیس اسٹیشن پرحملہ کرنے والا دہشت گرد گرفتار کرلیا ، ایس ایس پی کیماڑی فدا حسین نے بتایا کہ کالعدم تنظیم کے دہشت گردکواتحادٹاؤن سے گرفتارکیاگیا، دہشت گرد کے قبضے سے آدھا کلوبارودی مواد، دستی بم بھی برآمد ہوا۔
مزید پڑھیں: کراچی میں دہشتگردوں کا نیٹ ورک بے نقاب، کالعدم تحریک طالبان کا کارندہ گرفتار